خیبرپختونخوا سے 50 ہزار نوجوان احتجاج میں شرکت کیلیے رجسٹریشن کراچکے ہیں، پی ٹی آئی
پاکستان تحریک انصاف خیبرپختونخوا کے صدر نے دعویٰ کیا ہے کہ 24 نومبر کو احتجاج میں شرکت کیلیے 50 ہزار نوجوانوں نے رجسٹریشن کرالی ہے۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق پی ٹی آئی کے مرکزی سیکریٹری اطلاعات، رکن صوبائی اسمبلی اور یوتھ ونگ کے صدر نے پریس کانفرنس میں کہا کہ 24 نومبر کی پوری تیاری ہے اور سارے پاکستان سے لوگ باہر نکلیں گے۔
صوبائی یوتھ ونگ کے صدر نے کہا کہ 24 نومبر کو 50 ہزار نوجوان اسلام آباد کے لئے رجسٹریشن کرا چکے ہیں، ہم سینہ تان کر نکلیں گے۔ پی ٹی آئی کے مرکزی سیکریٹری اطلاعات شیخ وقاص اکرم نے کہا کہ 24 نومبر پاکستان کے لئے اہم ترین دن ہے کیونکہ عوام اپنا فیصلہ سنانے جارہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ 24 تاریخ کی کال اپنی جگہ موجود ہے اور میں افواہوں کو مسترد کرتا ہوں، لانگ مارچ زور و شور سے ہوگا اور عوام کو کوئی بھی نہیں روک سکے گا کیونکہ ہم بہت منظم انداز سے چلیں گے۔
شیخ وقاص اکرم نے کہا کہ 24 نومبر پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہو گا اور یہ حتمی کال ہے۔