ناردرن بائی پاس اندس ولیج کے قریب پانی کے گڑھے سے بچے کی پانی میں ڈوبی ہوئی 4 روزہ پرانی لاش ملی ہے۔
تفصیلات کے مطابق گلشن معمار تھانے کے علاقے ناردرن بائی پاس اندس ولیج کے قریب پانی کے گڑھے سے 4 روزہ پرانی 5 سالہ بچے کی پانی میں ڈوبی ہوئی لاش ملی ہے اطلاع ملنے پر پولیس موقع پرپہنچ گئی اور پولیس نے لاش کو تحویل میں لینے کے بعد پوسٹ مارٹم کے لیے عباسی شہید اسپتال منتقل کردیاگیا، بچے کی شناخت 5 سالہ عبدالحسیب ولد عبدالوحید کے نام سے کی گئی متوفی بچہ اندس ولیج کا رہائشی تھا۔
ایس ایچ او گلشن معمار امین سولنگی نے بتایا کہ متوفی بچہ 16 اکتوبر کو اپنے گھر کے سامنے کھیلتے ہوئے پانی کے گڑھے میں گر کر لاپتہ ہو گیا بچے کے اہلخانہ نے اس کی تلاش کی لیکن بچے کا کوئی سراغ نہیں ملا جس پر منگل کو بچے کے لاپتہ ہونے کے واقعہ کا مقدمہ گلشن معمار تھانے میں اس کے والد کی مدعیت درج کرلیا گیا تھا۔
پولیس کے مطابق گزشتہ روز بچے کی لاش اس کے گھر کے سامنے پانی کے گڑھے میں ڈوبی ہوئی مل گئی پولیس کا کہنا ہے کہ بچے کی لاش کا پوسٹ مارٹم ہونے کے بعد ہی حتمی وجہ موت کا تعین ہوسکے گا۔