پولیو مہم میں متحرک نہ ہونے والے ڈی سیز، ایس ایس پیز، ڈی ایچ اوز کی برطرفی کا حکم

اکتوبر میں مہم کے دوران 6 اضلاع جامشورو، وسطی، شرقی، ملیر، کشمور اور تھرپار میں کارکردگی خراب رہی، وزیراعلیٰ کو بریفنگ


ویب ڈیسک November 20, 2024
وزیرعلیٰ سندھ نے حکام کو پولیو مہم میں توجہ دینے کی تاکید کردی—فوٹو: فائل

کراچی:

وزیراعلیٰ سندھ نے صوبے میں پولیو کے خاتمے کے لیے مہم پر سختی کرتے ہوئے اکتوبر کے دوران 6 اضلاع کی کارکردگی پر عدم اطمینان کیا اور رپورٹ طلب کی اور ساتھ ہی حکم دیا ہے کہ پولیو مہم کے دوران متحرک کردار ادا نہ کرنے والے ڈی سیز، ایس ایس پیز اور ڈی ایچ اوز کو برطرف کردیا جائے۔

وزیراعلیٰ ہاؤس سے جاری بیان کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی زیر صدارت پولیو کے حوالے سے اجلاس ہوا جہاں صوبائی وزیر صحت اور چیف سیکریٹری سمیت دیگر نے شرکت کی اور حکام کی جانب سے انہیں بریفنگ دی گئی۔

مراد علی شاہ نے چیف سیکریٹری آصف حیدر شاہ کو ہدایت کی ہے کہ پولیو مہم کے دوران متحرک کردار ادا نہ کرنے والے ڈی سیز، ا یس ایس پیز اورڈی ایچ اوز کوعہدوں سے ہٹا دیا جائے۔

ان کا کہنا تھا کہ وہ پولیو کے خاتمے کےلیے دن رات کام کر رہے ہیں لیکن  تین چیلنجز کا سامنا ہے، پولیو کے قطرے پلانے سے انکار، متعلقہ افسران کی عدم دلچسپی اور ہجرت، جس کی وجہ سے پولیو وائرس صوبے بھر میں پھیل گیا۔

وزیراعلیٰ سندھ کو بتایا گیا کہ اکتوبر کے دوران مختلف اضلاع میں 43 ہزار 227 انکار کے کیسز سامنے آئے، جس پر انہوں نے کہا کہ انکار کا وقت گزر گیا، ہم اس کے متحمل نہیں ہوسکتے۔

انہوں نے چیف سیکریٹری کے ذریعے ڈپٹی کمشنرز اور ایس ایس پیز کو ہدایت کی کہ وہ پولیو کے قطرے پلانے کو یقینی بنائیں، ناکامی کی صورت میں ان کے خلاف ایکشن لیا جائےگا۔

بریفنگ کے دوران وزیراعلیٰ سندھ کو بتایا گیا کہ اکتوبر 2024 کی مہم کے دوران 6 اضلاع کی کارکردگی خراب رہی جن میں جامشورو، وسطی، شرقی، ملیر، کشمور اور تھرپارکر شامل ہیں۔

وزیراعلیٰ سندھ نے چیف سیکریٹری کو ہدایت کی کہ وہ ضلعی انتظامیہ، پولیس اور ڈی ایچ اوز کو کہیں کہ اپنی کارکردگی بہتر بنائیں یا بستر گول کریں اور چیف سیکریٹری کو مخاطب کرکے کہا کہ آپ معاملے کی تحقیقات کریں اور ضروری کارروائی کریں۔

 وزیراعلیٰ نے نشان دہی کی کہ پاکستان 50 کیسز اور افغانستان 23 کیسز کے ساتھ دنیا کے صرف دو ممالک رہ گئے ہیں جہاں پولیو پر تاحال قابو نہیں پایا جا سکا لہٰذا تمام اسٹیک ہولڈرز اور والدین مل کر پولیو کے خاتمے میں حکومت کا ساتھ دیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں