گلگت بلتستان میں گولڈ اور مائننگ کے ٹھیکے دینے کا فیصلہ جلد کیا جائے گا، وزیراعلیٰ

چین مشرق وسطی سمیت دیگر ممالک کی ہزاروں درخواستیں گولڈ اور مائننگ کے لیے آئی ہیں، گلبر خان


اسٹاف رپورٹر November 20, 2024

وزیراعلیٰ گلگت بلتستان گلبر خان نے واضح طور سے اعلان کیا ہے کہ گلگت بلتستان میں ملکی اور غیر ملکی کمپنیوں کو گولڈ اور مائننگ کے ٹھیکے دینے کے حوالے سے جلد فیصلہ کر لیا جائے گا، چین مشرق وسطی سمیت دیگر ممالک کی ہزاروں درخواستیں گولڈ اور مائننگ کے لیے آئی ہیں مائننگ کے ٹھیکے دینے سے ملک کو بڑی تعداد میں زرمبادلہ حاصل ہوگا۔

وزیراعلیٰ گلگت بلتستان گلبر خان نے بدھ کو کراچی میں فیڈریشن چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں تاجروں اور صنعتکاروں سے خطاب کے دوران کہا کہ گلگت بلتستان میں ہزاروں میگاواٹ بجلی پیدا کرنے کی صلاحیت ہے، واپڈا اور دیگر اداروں کی اسٹڈی کے مطابق 80 ہزار میگاواٹ بجلی پیدا کرنے کی صلاحیت ہے۔

انہوں نے بتایا کہ گلگت بلتستان میں لینڈ ریفارمز کر لی گئیں اور اب سرمایہ کاروں کو زمین کا انتقال ہوسکتا ہے، سرمایہ کار اب وہاں زمین حاصل کر کے ہوٹل، ریسٹورنٹس اور دیگر شعبوں میں سرمایہ کاری کر سکتے ہیں جبکہ گلگت بلتستان میں انڈسٹریل زون بنانے کا عمل زیر غور ہے۔

وزیراعلیٰ گلگت بلتستان نے مزید کہا کہ ہمارے صوبے میں کمرشل صارف کو بجلی 14 روپے فی یونٹ جبکہ گھریلو صارف کو 4 روپے فی یونٹ دی جارہی ہے جبکہ یہاں انکم ٹیکس اور سیلز ٹیکس نہیں ہے اور ہمارے صوبے کی آبادی 2023سروے کے مطابق 18 لاکھ جبکہ رقبہ 72ہزار کلومیٹر ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں