وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ سے وزیراعلیٰ گلگت بلتستان حاجی گلبر خان نے وزیراعلیٰ ہاؤس میں ملاقات کی وزیراعلیٰ گلبر خان نے وزیراعلیٰ سندھ کے سامنے مطالبہ رکھا کہ سندھ کے میڈیکل اور انجنیئرنگ کالیجز میں گلگت بلتستان کے بچوں کی سیٹیں بڑھائی جائیں کیوںکہ کراچی میں گلگت بلتستان کے دس ہزار بچے زیر تعلیم ہیں۔
ملاقات میں گلگت بلتستان کے وزیر برائے ایکسائیز حاجی رحمت خلیق اور وزیراعلیٰ گلگت بلتستان کے اسپیشل اسسٹنٹ حسین شاہ نے بھی شرکت کی۔ ملاقات میں وزیراعلیٰ سندھ نے اس معاملہ پر یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ گلگت بلتستان کی بچوں کی سندھ کی یونیورسٹیز میں سیٹیں بڑھانے کا بطور خود جائزہ لیں گے۔
وزیراعلیٰ گلبر خان نے وزیراعلیٰ سندھ سے درخواست کی کہ کراچی میں گلگت بلتستان کے بچوں کو ایک ہاسٹل بنا کر دیں۔ وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ پیپلز پارٹی حکومت زمین کا تعین کرکے ہاسٹل کا منصوبہ بھی پایہ تکمیل تک پہنچائے گی۔
انھوں نے کہا کہ چیئرمین بلاول بھٹو نے مجھے گلگت بلتستان میں این آئی سی وی ڈی قائم کرنے کی ہدایت دی ہے۔ وزیراعلیٰ سندھ نے جلد گلگت بلتستان کا دورہ کرنے کی خواہش ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ جو سہولیات سندھ حکومت فراہم کرے گی ان کا اعلان بھی وہاں آکر کروں گا۔
وزیراعلیٰ گلگت بلتستان اور ملاقات میں موجود وزراء نے پیپلز پارٹی کی گلگت بلتستان میں خدمات کو سراہا۔ وزیراعلیٰ گلبر خان نے کہا کہ سندھ حکومت کا ہیلتھ سیکٹر میں کام بہت زبردست ہے جس پر وزیراعلیٰ سندھ نے وزیراعلیٰ گلگت بلتستان کا شکریہ ادا کیا۔