’آٹومیکانیکا دبئی 2024 ‘میں پاکستان سے 6 کمپنیاں شریک ہوں گی

ایونٹ میں 161 ممالک سے 56 ہزار سے زائد شرکا کی آمد متوقع ہے

فوٹو: فائل

کراچی:

پاکستان کے 6 نمائش کنندگان 10دسمبر سے12دسمبر تک دبئی میں ہونے والی شہرت یافتہ نمائش "آٹومیکانیکا دبئی 2024 "میں آٹو صنعت میں جدید ترین ایجادات پیش کریں گے۔

آٹومیکانیکا دبئی 2024، اس حوالے سے 21 واں ایڈیشن ہے ۔ اس ایونٹ میں پاکستان کے 6 مینوفیکچررز اوساکا بیٹریز، پینتھر ٹائرز، لوڈز لمیٹڈ، میکاس، اٹلس بیٹری اور سروس انڈسٹریز اپنی مصنوعات کی نمائش کریں گے۔

یہ تین روزہ ایونٹ دبئی ورلڈ ٹریڈ سینٹر میں منعقد ہوگا۔ آٹومیکانیکا دبئی کا مقصد مشرق وسطیٰ کے وسیع تر آٹو مارکیٹ اور سروس انڈسٹری کے لیے سب سے بڑا عالمی تجارتی نمائش بننا ہے۔ آٹومیکانیکا دبئی 2024 کا 21 واں ایڈیشن 2200 سے زائد نمائش کنندگان کو 60 سے زیادہ ممالک اور 20 سرکاری قومی پویلینز میں یکجا کرے گا۔

یہ ایونٹ 17 ہالز میں منعقد ہوگا اور عالمی سطح پر 56000 سے زیادہ شرکاءکی موجودگی متوقع ہے جو 161 ممالک سے آئیں گے۔

آٹومیکانیکا دبئی آٹھ خصوصی مصنوعات کے شعبوں میں نمائش کرے گا: پارٹس اینڈ کمپوننٹس، الیکٹرانکس اینڈ سسٹمز، ایکسیسریز اینڈ کسٹمائزنگ، ٹائرز اینڈ بیٹریز، کار واش اینڈ کیئر، آئل اینڈ لبرکنٹس، ڈائگنوسٹکس اینڈ ریپیئر، اور باڈی اینڈ پینٹ، جس میں ہر دلچسپی کے لیے کچھ نہ کچھ پیش کیا جائے گا۔

پاکستان آٹوموبائل اسپیر پارٹس امپورٹرز اینڈ ڈیلرز ایسوسی ایشن (پاسپیڈا) ایک وفد تشکیل دے گی جس میں 80 سے زائد وی آئی پی خریدار شامل ہوں گے جو آٹومیکانیکا دبئی میں شرکت کریں گے۔ اس میلے میں پاکستان سے سب سے زیادہ وزیٹرز کی توقع کی جا رہی ہے۔

Load Next Story