شہر میں مختلف واقعات کے دوران نوعمر لڑکے سمیت 3 افراد جاں بحق ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق گلستان جوہر پی آئی اے ہاؤسنگ سوسائٹی میں بلندی سے گر کر محنت کش شدید زخمی ہوگیا جسے تشویشناک حالت میں جناح اسپتال لیجایا گیا جہاں وہ دوران علاج زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔
ریسکیو حکام کا کہنا کہ واقعہ کام کے دوران دوسری منزل سے گرنے کا بتایا جا رہا ہے جبکہ متوفی کی شناخت 22 سالہ سمیر کے نام سے کی گئی۔
ایک اور واقعہ میں فیڈرل بی صنعتی ایریا کے علاقے بلاک 21 شاپنگ مال کے قریب کام کے دوران بلندی سے گر کر محنت کش جاں بحق ہوگیا۔
ایس ایچ او شاہد بلوچ نے بتایا کہ متوفی زیر تعمیر عمارت کے ٹاور نمبر 2 کی دسویں منزل سے گرا تھا جس کی شناخت 33 سالہ فیاض کے نام سے کی گئی جس کی لاش ضابطے کی کارروائی کے لیے جناح اسپتال منتقل کی گئی تاہم اس حوالے سے پولیس مزید معلومات حاصل کر رہی ہے۔
دریں اثنا گلشن معمار میں معمار ڈسپنسری کے قریب نوعمر لڑکے کو کرنٹ لگ گیا جسے فوری طور چھیپا کے رضا کاروں نے عباسی شہید اسپتال پہنچایا جہاں ڈاکٹروں نے معائنے کے بعد اس کی موت کی تصدیق کر دی۔
ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ متوفی کی فوری طور پر شناخت نہیں ہو سکی جبکہ اس کی عمر 13 سال ہے اور واقعہ بجلی کے تار سے کرنٹ لگنے کا بتایا جا رہا ہے۔