پی ٹی آئی کا 24 نومبر کو وفاقی دارالحکومت میں احتجاج رکوانے کے لیے دار درخواست پر اسلام آباد ہائیکورٹ نے وفاق وزیر داخلہ محسن نقوی کو آج ہی طلب کرلیا۔
چیف جسٹس عامر فاروق نے درخواست پر سماعت کرتے ہوئے سیکریٹری داخلہ، چیف کمشنر اور آئی جی اسلام آباد کو بھی طلب کرلیا۔
اسلام آباد ہائیکورٹ نے کہا کہ ڈویثرن بینچ کے بعد کیس کو آج ہی سنیں گے۔
واضح رہے کہ جناح سپر ٹریڈر ایسوسی ایشن کے صدر اسد عزیز نے رضوان عباسی ایڈووکیٹ کے ذریعے درخواست دائر کی تھی جس میں استدعا کی گئی کہ پی ٹی آئی کے غیر قانونی احتجاج کو روکنے کا حکم دیا جائے، وزیر اعلی خیبر پختونخوا کی سرپرستی میں اسلام آباد کی طرف احتجاج کے لیے آنے کا پروگرام ہے، احتجاج سے اسلام آباد پر لشکر کشی کا تاثر ملا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ حال ہی میں اسلام آباد احتجاج کے حوالے سے قانون سازی بھی ہوئی، بغیر اجازت اس قسم کے احتجاج سے ملک میں لا قانونیت کا تاثر ملتا ہے، سیکریٹری داخلہ، چیف کمشنر، آئی جی کو احتجاج روکنے کا حکم دیا جائے۔
درخواست میں سیکریٹری داخلہ، چیف کمشنر اسلام آباد، آئی جی اسلام آباد اور پی ٹی آئی چیئرمین کو فریق بنایا گیا ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے 24 نومبر کو اسلام آباد میں احتجاج کی کال دے رکھی ہے۔