پی ٹی آئی احتجاج کیخلاف درخواست؛ وفاقی وزیر داخلہ اسلام آباد ہائیکورٹ میں پیش

درخواست میں استدعا کی گئی تھی کہ پی ٹی آئی کے غیر قانونی احتجاج کو روکنے کا حکم دیا جائے

وفاقی دارالحکومت میں 24 نومبر کو پی ٹی آئی احتجاج رکوانے کے لیے دار درخواست پر وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اسلام آباد ہائیکورٹ میں پیش ہوگئے۔

سیکریٹری داخلہ، چیف کمشنر اور آئی جی اسلام آباد بھی عدالت میں پیش ہوگئے۔

قبل ازیں اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق نے تحریری حکم نامہ جاری کیا جس میں کہا کہ آج چار بجے وفاقی وزیر داخلہ ذاتی حیثیت میں عدالت کے سامنے پیش ہوں ، سیکرٹری داخلہ ، چیف سیکرٹری اور آئی جی بھی آج پیش ہوں۔

جناح سپر ٹریڈر ایسوسی ایشن کے صدر اسد عزیز نے رضوان عباسی ایڈووکیٹ کے ذریعے درخواست دائر کی تھی جس میں استدعا کی گئی کہ پی ٹی آئی کے غیر قانونی احتجاج کو روکنے کا حکم دیا جائے، وزیر اعلی خیبر پختونخوا کی سرپرستی میں اسلام آباد کی طرف احتجاج کے لیے آنے کا پروگرام ہے، احتجاج سے اسلام آباد پر لشکر کشی کا تاثر ملا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ حال ہی میں اسلام آباد احتجاج کے حوالے سے قانون سازی بھی ہوئی، بغیر اجازت اس قسم کے احتجاج سے ملک میں لا قانونیت کا تاثر ملتا ہے، سیکریٹری داخلہ، چیف کمشنر، آئی جی کو احتجاج روکنے کا حکم دیا جائے۔

درخواست میں سیکریٹری داخلہ، چیف کمشنر اسلام آباد، آئی جی اسلام آباد اور پی ٹی آئی چیئرمین کو فریق بنایا گیا ہے۔

واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے 24 نومبر کو اسلام آباد میں احتجاج کی کال دے رکھی ہے۔

Load Next Story