کراچی:
کراچی: لُنڈے کے کپڑوں کی آڑ میں کروڑوں روپے مالیت کے کمپیوٹر اور دیگر اشیا برآمد کرلی گئیں۔
پاکستان کسٹمز انفورسمنٹ کی انسداد اسمگلنگ مہم کے تحت ایک بڑی کارروائی میں لُنڈے کے کپڑوں کی آڑ میں کمپیوٹرز، ایل سی ڈیز سگریٹس اسمگل کرنے کی کوشش ناکام بنادی گئی۔ حساس ادارے کی معلومات پر کے آئی سی ٹی سے نکلنے والے کنٹینر کو آرسی ڈی ہائی وے پر روک کر تلاشی لی گئی۔
ڈپٹی کلکٹر انفورسمنٹ رضا نقوی کے مطابق کنٹینر سے 2720کمپیوٹرز، 20200ایل سی ڈیز، غیرملکی 4لاکھ 40ہزار سگریٹوں کے ڈنڈے برآمد ہوئے۔ برآمد ہونے والے سامان کی مالیت 7کروڑ 88لاکھ روپے ہے۔
کارروائی کے بعد کسٹمز ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کرکے اسمگل شدہ اشیا کو ضبط کرلیا گیا ہے، جسے کسٹمز اے ایس او گودام منتقل کرکے مزید تحقیقات شروع کردی گئی ہے۔