بینکوں، سفارتخانوں، آئی ٹی فرمز اور فری لانسرز کیلیے وی پی این رجسٹریشن لازمی قرار

رجسٹرد وی پی این کے استعمال کنندگان کو ڈیٹا سکیورٹی اور بلارکاوٹ انٹرنیٹ سمیت دیگر سہولیات دیں گے، پی ٹی اے


ارشاد انصاری November 21, 2024

اسلام آباد:

پاکستان ٹیلی کمیونی کیشن اتھارٹی ( پی ٹی اے ) نے بینکوں ، سفارتخانوں ، آئی ٹی فرمز اور فری لانسرز کے لیے وی پی این رجسٹریشن لازمی قرار دی ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق پاکستان ٹیلی کمیونی کیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کا کہنا ہے کہ وی پی این رجسٹریشن کے عمل کو آسان اور کاروباری تسلسل یقینی بنایا جائے گا  جب کہ پاکستان سافٹ ویئر ہاؤسز ایسوسی ایشن (پاشا) نے وی پی این رجسٹریشن کے لیے مناسب وقت دینے کا مطالبہ کیا ہے۔

پی ٹی اے ہیڈکوارٹرز میں منعقدہ اہم مشاورتی اجلاس میں ورچوئل پرائیویٹ نیٹ ورکس (وی پی اینز) کی رجسٹریشن اور سہولت کاری کے عمل کو بہتر بنانے سے متعلق مختلف تجاویز کا جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں پاکستان سافٹ ویئر ایکسپورٹ بورڈ (پی ایس ای بی) کے سی ای او، پاکستان سافٹ ویئر ہاؤسز ایسوسی ایشن (پاشا) کے چیئرمین، پاکستان فری لانسرز ایسوسی ایشن (پی اے ایف ایل اے)کے سی ای او اور وزارت آئی ٹی و ٹیلی کام، وزارت خارجہ اور اسٹیٹ بینک کے نمائندگان شریک ہوئے۔

پی ٹی اے نے اہم اجلاس میں اس بات کا اعادہ کیا کہ جائز (رجسٹرڈ) وی پی این استعمال کنندگان کو ڈیٹا سکیورٹی اور بلا رکاوٹ انٹرنیٹ تک رسائی فراہم کرنے کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے جائیں گے، خاص طور پر سافٹ ویئر ہاؤسز، بی پی او فرمز، بینکوں، سفارت خانوں اور فری لانسرز کے لیے ترجیحاً سہولیات فراہم کی جائیں گی۔

اجلاس میں وی پی این رجسٹریشن کے عمل کو بہتر بنانے کے لیے دیگر تجاویز پر بھی غور کیا گیا تاکہ کاروباری تسلسل اور محفوظ انٹرنیٹ سروسز کو یقینی بنایا جا سکے۔

پاشا نے پی ٹی اے کی سہولت کاری کی کوششوں کو سراہتے ہوئے وی پی این رجسٹریشن کے لیے مناسب وقت فراہم کرنے اور غیر رجسٹرڈ وی پی اینز پر مشاورت کی تجویز دی تاکہ خدمات میں خلل نہ پڑے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں