جیل سے رہا کرو تواحتجاج ملتوی کردوں گا کا بیان گھبراہٹ کا اعتراف ہے، وزیراطلاعات

جو کہتا تھا کہ ڈیل نہیں کروں گا، ’ڈیل کرلو، ڈیل کرلو‘ کی صدائیں دے رہا ہے، عطااللہ تارڑ

عطااللہ تارڑ نے کہا کہ صرف قانون ڈیل کرے گا، جس کے عمران خان مجرم ہیں—فوٹو: فائل

اسلام آباد:

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطااللہ تارڑ نے بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کا بیان جیل سے رہا کرو تواحتجاج ملتوی کردوں گا ان کی فرسٹریشن اور گھبراہٹ کا اعتراف ہے۔

وفاقی وزیراطلاعات ونشریات عطااللہ تارڈ نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کے جیل سے جاری بیان پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ جیل سے رہا کرو تو احتجاج ملتوی کردوں گا، کا بیان قیدی کی ’فرسٹریشن‘ اور ’گھبراہٹ‘ کا اعتراف ہے۔

انہوں نے کہا کہ ثابت ہوا 24 نومبر کو انتشار کی کال کا مقصد ’ڈیل‘ کے لیے جد و جہد کرنا ہے۔

عطااللہ تارڑ نے کہا کہ جو کہتا تھا کہ ڈیل نہیں کروں گا، ’ڈیل کرلو، ڈیل کرلو‘ کی صدائیں دے رہا ہے اور وفاق پر لشکر کشی کرنے پر بضد ہے۔

یہ بھی پڑھیں: علی امین اور بیرسٹر گوہر کے ذریعے پیشکش ہوئی کہ احتجاج ملتوی کردیں سب ٹھیک ہو جائے گا، عمران خان

عمران خان کو مخاطب کرکے انہوں نے کہا کہ آپ سے ڈیل صرف ’قانون‘ کرے گا، جس کے آپ مجرم ہیں۔

قبل ازیں عمران خان نے اڈیالہ جیل میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا تھا کہ علی امین گنڈا پور اور بیرسٹر گوہر کے ذریعے 24 نومبر کا احتجاج ملتوی کرنے پر معاملات ٹھیک ہونے کی پیش کش کردی گئی تھی۔

بانی پی ٹی آئی نے میڈیا کو اپنی رہائی کی شرط رکھنے کا اعتراف کرتے ہوئے کہا تھا کہ اسلام آباد میں 24 نومبر کا احتجاج ملتوی کرنے کے لیے ان کی رہائی کی شرط پوری نہیں ہوئی اور میں خود سمیت زیر ٹرائل افرد کی رہائی کا مطالبہ سامنے رکھا تھا تاکہ مذاکرات کی سنجیدگی کا پتا چل جائے۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ مطالبہ ایسا تھا جو فوری طور پر پورا ہوسکتا تھا جو انہوں نے نہیں کیا، مذاکرات تو چلتے رہتے ہیں مگر یہ پتا چل گیا کہ یہ سنجیدہ نہیں تھے اور صرف احتجاج ملتوی کرانا چاہتے تھے۔

عمران خان نے کہا کہ ہمارے چارٹر آف ڈیمانڈ میں تمام گرفتار لوگوں کی رہائی شامل ہے۔

Load Next Story