کراچی:
ایکسپوسینٹرکراچی میں جاری دفاعی نمائش میں پہلی مرتبہ ملکی سطح پرتیارکیا گیا ریموٹ کنٹرول روبوٹ ’حیدرکرار‘متعارف کروادیا گیا، روبوٹ بیک وقت 300 سے500راؤنڈ کواپنے ساتھ لے جانےکی صلاحیت کا حامل ہے۔
کراچی ایکسپوسینٹرمیں جاری دفاعی نمائش میں نیشنل ریڈیوٹیلی کمونیکیشن کارپوریشن کی جانب سے ملکی سطح پرتیارکیا گیا روبوٹ ’ حیدرکرار‘ پہلی مرتبہ متعارف کروادیا گیا،چھوٹے سائزکے جنگی ٹینک سے مشابہت رکھنے والےروبوٹ پرسیون پوائنٹ سکس ٹوکی انتہائی مہلک گن نصب ہے،ہائیبرڈ ٹیکنالوجی کے حامل اس روبوٹ کوگراونڈ اسٹیشن سے8 کلومیٹرتک ہدف کا نشانہ بنانے کے لیے بھیجا جاسکتا ہے،حیدرکرار روبوٹ بیک وقت 300 سے 500 راؤنڈز کو اپنے ساتھ لے جانے کی صلاحیت کا حامل ہے۔
ہیڈ آف ڈپارٹمنٹ نیشنل ریڈیوٹیلی کمیونیکشن رضاحیدرکے مطابق ماڈرن وارفیئرکے حامل اس روبوٹ کوملٹری ضروریات کے پیش نظربنایا گیا ہے،جس کی تیاری کے دوران پاکستان کی فیلڈانوائرمنٹ کومدنظررکھاگیا ہے،20سے زائد انجینئرزکی محنت کے بعد یہ ایک جدید روبوٹ کی شکل تک پہنچا۔
ین آرٹی سی کے اسٹال پربارودی سرنگوں اوردیگراقسام کے بموں کو ناکارہ بنانے والاروبوٹ بھی توجہ کا مرکزہے جو40 پونڈ وزنی کسی بھی بارودی اشیا کو اٹھاکرڈی فیوزکرسکتا ہے،اس روبوٹ پرانتہائی ہائی ریزولیشن کیمرے نصب ہیں جو کسی بھی ٹارگٹ کی جانب بڑھتے ہوئے براہ راست مناظرگراؤنڈ اسٹیشن تک بھیج سکتا ہے۔
ان جنگی آلات کو قیمتی انسانی جانوں کوضائع ہونے سے بچانے کے لیے ایجاد کیا گیا ہے کیونکہ اس سے قبل یہ سارے کام انسانوں کے ذریعے کیے جاتے تھےجس کے دوران بہت ساری جانیں ضائع ہوچکی ہیں۔
نیشنل ریڈیوٹیلی کمونیکیشن کے اسٹال پرموجود اسالٹ ڈرون بھی توجہ کا مرکزہے جو آرٹیفیشل انٹیلی جنس کے ذریعے کسی بھی ٹارگٹ کوٹریکنگ کے ذریعے لاک کرکے اس کونشانہ بنا سکتا ہے،اسالٹ ڈرون 60ملی میٹرکا گرنیڈ کسی بھی ٹارگٹ پرمارسکتا ہے،اسالٹ ڈرون 800میٹرزتک کی بلندی پراڑنے کی صلاحیت کا حامل ہے۔
نیشنل ریڈیوٹیلی کمونیکشن انتظامیہ کے مطابق اس سے قبل یہ دفاعی آلات بیرون ملک سے درآمد کیے جاتے تھے،جوملکی سطح پرتیارروبوٹ کے مقابلے میں کافی مہنگے پڑتےتھے۔