پاکستانی خواتین سے شادی کرنے والے غیرملکی باشندوں کو شہریت دلانے کیلئے درخواست دائر

شرعی عدالت کے فیصلے کے تحت پاکستانی خواتین کے غیرملکی شوہروں کو شہریت دی جائے، درخواست گزار

اسلام آباد:

پاکستانی خواتین سے شادی کرنے والے غیرملکی شہریوں کو پاکستان کی شہریت دینے کے لیے سپریم کورٹ میں درخواست دائر کردی گئی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق عدالت عظمیٰ میں درخواست گزار ایڈووکیٹ سید معاذ شاہ نے اپیل دائر کی، شریعت اپیل میں وفاق، وزارت داخلہ و دیگر کو فریق بنایا گیا ہے۔

درخواست گزار نے کہا ہے کہ شرعی عدالت کے فیصلے کے تحت پاکستانی خواتین کے غیر ملکی شوہروں کو شہریت دی جائے، شرعی عدالت نے پاکستانی خواتین کے غیر ملکی خاوند کو شہریت نہ دینے کا قانون غیر شرعی قرار دیا تھا تاہم وفاقی حکومت نے شرعی عدالت کا فیصلہ سپریم کورٹ میں چیلنج کردیا تھا۔

درخواست گزار نے کہا کہ پاکستانی خواتین کے غیر ملکی شوہر عدالتوں سے انصاف کے منتظر ہیں، وفاقی شرعی عدالت نے معاملے پر 2006 میں فیصلہ دیا مگر وفاقی شرعی  عدالت کے فیصلے پر 2008ء سے سپریم کورٹ کا حکم امتناع ہے۔

درخواست گزار نے مزید کہا کہ 26 ویں آئینی ترمیم کے بعد شرعی اپیل پر حکم امتناع ایک سال سے زیادہ نہیں ہوسکتا، سپریم کورٹ میں معاملہ 16 سال سے التوا میں پڑا ہے، وفاقی حکومت کی شرعی عدالت کے خلاف اپیل مسترد کی جائے۔

Load Next Story