شاہ رُخ خان قتل کی دھمکی کیس میں پیشرفت، ملزم کے انکشافات سامنے آگئے

ملزم فیضان خان اس وقت 10 روزہ جوڈیشل حراست میں ہے

(فوٹو: فائل)

بالی ووڈ کنگ شاہ رخ خان کو قتل کی دھمکی دینے والے وکیل نے دوران تفتیش انکشافات کئے ہیں۔

بھارتی  میڈیا کے مطابق زیر حراست وکیل فیضان خان نے پولیس کو بتایا کہ اس نے آن لائن سرچ کے ذریعے شاہ رخ خان، ان کے بیٹے آریان خان، اور ان کے خاندان کی سیکیورٹی اور نقل و حرکت سے متعلق حساس معلومات حاصل کی تھیں۔ 

تحقیقات کے دوران انکشاف ہوا کہ قتل کی دھمکی اور 50 لاکھ روپے تاوان طلب کرنے سے پہلے ملزم نے بڑی محنت سے یہ تفصیلات جمع کیں۔ باندرہ پولیس نے فیضان خان کے دوسرے موبائل فون کی برآمدگی کے بعد یہ معلومات حاصل کیں۔ 

یاد رہے کہ فیضان خان اس وقت 10 روزہ جوڈیشل حراست میں ہے، پولیس کا کہنا ہے کہ دوران تفتیش ملزم گمراہ کن جوابات دینے اور حقائق چھپانے کی کوشش کرتا رہا تاہم  کئی اہم معلومات فراہم کر چکا ہے جو اس کے جرم کو ثابت کرتی ہیں۔ 

واضح رہے کہ 7 نومبر کو ملزم فیضان نےنے باندرہ پولیس کے لینڈ لائن پر کال کر کے شاہ رخ خان کو قتل کرنے کی دھمکی دی تھی۔ اس واقعے کے بعد پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے نامعلوم ملزم کے خلاف مقدمہ درج کیا اور 12 نومبر کو اسے چھتیس گڑھ سے گرفتار کر لیا تھا۔

Load Next Story