امریکا میں بھارتی طالبعلم اپنی ’برتھ ڈے پارٹی‘ میں غلطی سے بندوق چلنے پر ہلاک

23 سالہ بھارتی طالب علم آریان ریڈی دوستوں ہمراہ گھر پر سال گرہ منا رہا تھا

امریکی یونی ورسٹی میں زیر تعلیم بھارتی طالب علم دوستوں کے ہمراہ اپنے گھر پر اپنی سال گرہ مناتے ہوئے ایک چھوٹی سی غلطی کے باعث ہمیشہ کے لیے موت کی وادی میں چلا گیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق آریان ریڈی نامی 23 سالہ نوجوان امریکا میں کنساس اسٹیٹ یونیورسٹی سے ماسٹرز کررہا تھا۔

آریان ریڈی کا گھر امریکی ریاست جارجیا کے شہر اٹلانٹا میں تھا جہاں وہ اپنے دوستوں کے ہمراہ اپنی سال گرہ منا رہا تھا۔

اس دوران آریان مبینہ طور پر شکار کے لیے حال ہی میں خریدی گئی اپنی نئی بندوق کو صاف کرنے لگا اور غلطی سے گولی چل گئی۔

یہ گولی سیدھے سینے پر لگی اور آر پار ہوگئی۔ پورے کمرے میں خون پھیل گیا۔ دوستوں نے آریان کو اسپتال منتقل کیا لیکن تب تک آریان اپنی آخری سانس لے چکا تھا۔

آریان ریڈی کا تعلق بھارت کی ریاست تلنگانہ کے ضلع بھواناگیری سے تھا اور امریکا میں کنساس اسٹیٹ یونی ورسٹی سے ماسٹرز آف سائنس کر رہا تھا۔

آریان کی لاش کو ضروری کارروائی کے بعد آج آبائی وطن روانہ کردیا جائے گا۔

 

Load Next Story