بشریٰ پنکی نے برادر اسلامی ملک سے متعلق شرمناک بیان بانی پی ٹی آئی کے کہنے پردیا، عظمیٰ بخاری
وزیراطلاعات پنجاب عظمی بخاری نے کہا ہے کہ بشریٰ پنکی نے برادر اسلامی ملک سے متعلق شرمناک بیان بانی پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی) کے کہنے پر دیا۔
پنجاب کی وزیراطلاعات عظمی بخاری نے بیان میں کہا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان نے بطوروزیراعظم سعودی عرب ، چین اور امریکا سے تعلقات نازک موڑ تک پہنچائے اور پاکستان کو عالمی تنہائی کا شکار کرنے کے لیے ہر حربہ استعمال کیا۔
عظمی بخاری نے مزید کہا کہ اب بشریٰ پنکی اپنے شوہر کے نقش قدم پر چلتے ہوئے ملکی خارجہ پالیسی داؤ پر لگا رہی ہیں۔ فساد کی پلاننگ میں اس جھوٹ کا ذکر بلاشبہ ملک کے خلاف سازش ہے۔ بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ پنکی پاکستان کے ساتھ دشمنی میں آخری حد تک چلے گئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ایک جاہل اور ان پڑھ خاتون دوست ملک کے خلاف بیان دے کر کس کے ایجنڈے پر کام کررہی ہیں۔ عمران خان اور بشریٰ پنکی کا ایجنڈا وہی ہے جو اسرائیل کا ہے۔ پاکستان کے عوام ان دونوں نوسربازوں کا بھیانک چہرہ دیکھ چکے ہیں۔ فتنہ پارٹی پاکستان اور قوم کے لیے ناقابل قبول ہوچکے ہیں۔