انٹربورڈ کراچی نے بارہویں جماعت کامرس ریگولر گروپ کے نتائج کا اعلان کردیا

نتائج بورڈ کی ویب سائٹ  www.biek.edu.pk  پر اپ لوڈ کردیے گئے ہیں

کراچی:

 اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی نے انٹرمیڈیٹ بارہویں جماعت کامرس ریگولر گروپ کے سالانہ امتحانات برائے 2024ء کے نتائج کا اعلان کردیا۔

چیئرمین انٹربورڈ پروفیسر امیر حسین قادری نے نتائج کا اعلان کرتے ہوئے بتایا کہ کامرس ریگولر گروپ کے امتحانات میں تابانیز کالج کے طالبعلم محمد سمیع ولد محمد الطاف رول نمبر 606818 نے ٹوٹل 1100میں سے 983 نمبرز (89.36%)  اے ون گریڈ کے ساتھ پہلی پوزیشن حاصل کی ۔

اسی طرح  کامکس کالج کی طالبہ رابعہ بنت عمران چھابرا رول نمبر 627037 نے 975نمبرز (88.63%)  اے ون گریڈ کے ساتھ دوسری پوزیشن جبکہ بحریہ کالج کارساز کی طالبہ جویریہ تاج بنت محمد سلیم جھارا رول نمبر 627167 نے 970نمبرز (88.18%) اے ون گریڈ کے ساتھ تیسری پوزیشن حاصل کی۔  

ناظم امتحانات زرینہ راشد نے نتائج کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ کامرس ریگولر گروپ کے امتحانات میں 34 ہزار 451 امیدواروں نے رجسٹریشن حاصل کی جبکہ 33ہزار 610 امیدوار امتحانات میں شریک ہوئے جس میں سے 12ہزار 87 امیدوار کامیاب قرار پائے اس طرح کامیابی کا تناسب 35.96فیصد رہا۔

ان امتحانات میں 169 امیدوار اے ون گریڈ، 1123 اے گریڈ، 2306 بی گریڈ، 4450 سی گریڈ، 3760 ڈی گریڈ جبکہ 279 امیدوار ای گریڈ میں کامیاب ہوئے۔نتائج بورڈ کی ویب سائٹ  www.biek.edu.pk  پر اپ لوڈ کردیے گئے ہیں۔ امیدوا ر اپنے نتائج اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی کی آفیشل اینڈرائڈ ایپ پر بھی دیکھ سکتے ہیں۔ اینڈرائڈ ایپ کو گوگل پلے اسٹور پر    BIEK  کے نام سے سرچ کر کے موبائل میں انسٹال کیا جاسکتا ہے۔

چیئرمین پروفیسر امیر حسین قادری نے کامیاب ہونے والے طلبہ کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ انٹرمیڈیٹ کے تمام نتائج کے اعلان کے بعد پوزیشن ہولڈرز طلبہ کی حوصلہ افزائی کیلیے ان کے اعزاز میں ایک بڑی تقریب منعقد کی جائے گی جس میں طلبہ کے ساتھ والدین، اساتذہ اور میڈیا کو بھی مدعو کیا جائے گا۔

Load Next Story