عوام ہماری حکومت سے خوش ہیں اس لیے دھرنے کی کال پر کان نہیں دھرتے، مریم نواز

پی ٹی آئی کی ایک کے بعد کال فیل ہوگئی کیوں کہ لوگ دیکھ رہے ہیں کہ کون ان کے لیے کام کررہا اور درد دل رکھتا ہے

تونسہ: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ مہنگائی کم ہونے اور دیگر عوامل کے باعث لوگ ہماری حکومت سے خوش ہیں اس لیے دھرنے کی کال پر کان نہیں دھرتے۔

تونسہ میں کچھی کینال منصوبے کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس منصوبے کے آغاز پر شہاز شریف حکومت مبارک باد کی مستحق ہے، چاروں صوبوں کو قریب لانے کے اقدامات شہباز شریف بطریق احسن کررہے ہیں۔

انہوں ںے کہا کہ کئی سال بعد پاکستان سے ہر روز ایک اچھی خبر سامنے آتی ہے، شہباز شریف کے پچھلے سولہ ماہ کے دور میں روز ایک آواز آتی تھی اور پاکستان کے دشمن اور ہمارے مخالفین انتظار میں تھے کہ پاکستان کب ڈیفالٹ کرے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ روز یہی خبر آتی تھی کہ پاکستان آج ڈیفالٹ کرے یا کل کرے گا، آج بات ہورہی ہے کہ اسٹاک مارکیٹ نے ریکارڈ قائم کردیا مہنگائی کم ہوگئی جس کی وجہ سے 25 کروڑ لوگ ہماری حکومت سے خوش ہیں اسی لیے جو بار بار دھرنے کی کالز آتی ہیں لوگ اس پر کان نہیں دھرتے اور ایک کے بعد ایک ان کی کال فیل ہوگئی کیوں کہ لوگ دیکھ رہے ہیں کہ کوئی ان کے لیے کام کررہا اور درد دل رکھتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ روٹی ہماری دور میں سستی ہوئی، ریمی ٹینس ہمارے دور میں بڑھی، بجلی سستی کرنے پر لگے ہوئے ہیں، جب بھی عوام کو سہولتیں ملیں، لیپ ٹاپ ملیں، سڑکیں اور ہائی وے بنیں تو ن لیگ کی حکومت ہوتی ہے۔

مریم نواز کا کہنا تھا کہ یہی نہیں شہاز شریف نے دوست ممالک سے تعلقات بھی بہتر کیے کیوں کہ گزشتہ حکومت نے چار سال دوست ممالک سے تعلقات خراب کیے ان میں بگاڑ پیدا کیا اور دوستوں کو دشمنوں میں تبدیل کیا مگر شنگھائی کانفرنس میں بحالی ہوئی خارجہ پالیسی سب نے دیکھی، ہر تھوڑے دن بعد دیگر ممالک کے سربراہان پاکستان آرہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ دکھ اس بات کا ہے کہ آج بھی یہ حملے بند نہیں ہوئے اور بے دردی سے جاری ہیں، کل ایک ویڈیو دیکھی میں سمجھی کہ اس کی آواز کسی نے ڈپنگ کردی ہے مگر وہ اصلی تھی، ایک گھریلو خاتون جن کا سیاست سے کوئی واسطہ نہیں انہوں نے کل پاکستان پر جو حملہ کیا اس پر مجھے یقین نہیں آیا، ایسے دوست ملک پر حملہ کیا جو ہمیشہ پاکستان کے ساتھ کھڑا رہا۔

انہوں ںے کہا کہ صرف دہشت گردی ترقی کی راہ میں رکاوٹ نہیں بلکہ یہ جو کے پی سے پنجاب پر حملے ہورہے ہیں یہ مناظر ہم نے پاکستان کی 76 سالہ تاریخ میں کبھی نہیں دیکھے، یہ حملے خوارجی یا دہشت گرد نہیں کررہے بلکہ کے پی حکومت، حکومت پنجاب اور وفاق پر کررہی ہے اور وہ بھی ایسے وقت میں جب پاکستان ترقی کررہا ہو، ہم دشمنوں سے لڑیں یا اپنے لوگوں سے؟

Load Next Story