بالی ووڈ کے مشہور اداکار ورون دھون نے پیشہ ورانہ نیٹ ورکنگ سائٹ لنکڈ اِن پر اپنا پروفائل بنا لیا ہے، جس کے بعد سوشل میڈیا پر مزاحیہ تبصروں کا طوفان آ گیا۔
نوجوان شائقین، جو پہلے ہی ان کے انسٹاگرام اور ٹویٹر پر فالوورز ہیں، اب یہ سوچ رہے ہیں کہ شاید ورون کو نوکری کی درخواستیں بھیجنی پڑیں۔
ورون نے لنکڈ اِن کے "About" سیکشن میں اپنی کامیابیوں کو اجاگر کرتے ہوئے لکھا"میں ایک پرجوش اداکار ہوں جس نے دس سال سے زیادہ فلمی صنعت میں کام کیا ہے۔ 300 کروڑ کے میگا ہٹس سے لے کر منفرد مواد پر مبنی فلموں تک، میری کہانی تخلیقی صلاحیتوں اور شائقین کے اثر و رسوخ کو متوازن کرنے کی ہے۔"
ورون نے اپنے لنکڈ اِن پروفائل پر خود کو ایک اداکار، سرمایہ کار، اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر کے طور پر متعارف کروایا ہے۔ "بدلاپور"، "بھیڑیا"، اور "اسٹوڈنٹ آف دی ایئر" جیسے کامیاب فلمی منصوبوں کے ذریعے انہوں نے اپنی اداکاری کا لوہا منوایا۔
اس خبر پر انسٹاگرام اور دیگر پلیٹ فارمز پر دلچسپ تبصرے دیکھنے کو ملے۔ ایک صارف نے مذاق میں کہا، "اب اسے بھی سی وی بھیجنی پڑے گی!"، جبکہ ایک اور صارف نے شک ظاہر کیا کہ یہ پروفائل شاید جعلی ہو، تبصرہ کیا، "جعلی اکاؤنٹس تو پہلے ہی بننا شروع ہو گئے ہوں گے۔"