کراچی میں 7 سالہ بیٹے پر انسانیت سوز تشدد کرنے والا جلاد باپ گرفتار
شہر قائد کے علاقے سائٹ ایریا باوانی چالی میں بیٹے پر انسانیت سوز تشدد کرنے والے جلاد باپ کو پولیس نے گرفتار کرلیا۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق سائٹ اے پولیس نے کمسن بیٹے پر مبینہ تشدد کے الزام میں والد کو گرفتار کر کے سرکار کی مدعیت میں مقدمہ درج کرلیا ، بچے کو پشت سے جلائے جانے کی موبائل فون سے بنائی گئی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی۔
مدعی مقدمہ سائٹ اے تھانے اے ایس آئی نعیم کی مدعیت میں درج مقدمے کے مطابق 21 نومبر کو وہ موٹر سائیکل گشت پر تھا کہ اس دوران اطلاع ملی کہ سائٹ ایریا عیدگاہ گراؤنڈ باوانی چالی کے قریب ایک شخص اپنے بچوں پر تشدد کر رہا ہے۔
مذکورہ مکان پہنچا تو اندر سے بچوں کے رونے اور چیخنے کی آوازیں آرہی تھیں جس پر محلے والوں کے ہمراہ مذکورہ مکان میں گیا تو ایک شخص بچوں پر تشدد کر رہا تھا اور بچے کے جسم کے مختلف حصوں پر جلنے اور تشدد کے نشانات پائے گئے۔
پولیس کے مطابق بچے کو سفاک باپ نے جلتے توے پر بٹھایا جبکہ لوہے کی راڈ سے اُسے تشدد کا نشانہ بھی بنایا تھا۔ موقع پر موجود بچے نے اپنا نام 7 سالہ سفیان بتایا اور کہا کہ میرے والد نے تشدد اور جلایا ہے۔
مدعی کے مطابق بچے کے بیان پر انھوں نے موقع پر موجود بچے کے والد جس نے اپنا نام نجیب اللہ بتایا جسے انھوں نے دفعہ 54 کے تحت گرفتار کر کے بچے کو طبی امداد کے لیے اسپتال بھیج دیا جبکہ گرفتار والد نجیب اللہ کے خلاف مقدمہ نمبر 541 سال 2024 بجرم دفعات 328 اے اور 337 کے تحت مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش کے لیے انویسٹی گیشن پولیس کے حوالے کر دیا۔