بانی پی ٹی آئی سے راولپنڈی پولیس کی تفتیش، پہلا مرحلہ مکمل
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی عمران خان سے راولپنڈی میں جلاؤ گھیراؤ کے الزام میں درج مقدمے میں نیوٹاؤن پولیس نے اڈیالہ جیل میں تفتیش کا پہلا مرحلہ مکمل کرلیا۔
راولپنڈی کے نیوٹاؤن تھانے کے تفتیشی افسر انسپکٹر راشد کیانی نے بانی پی ٹی آئی عمران خان سے 28 ستمبر کے حوالے سے درج مقدمے میں 4 گھنٹے طویل تفتیش کی۔
تفتیشی افسر نے بانی پی ٹی آئی سے تفتیش کا پہلا مرحلہ مکمل کرلیا اور اڈیالہ جیل سے واپس روانہ ہوگئے۔
واضح رہے کہ تھانہ نیو ٹاؤن پولیس نے 28 ستمبر کے مقدمے میں گزشتہ روز بانی پی ٹی آئی کا انسداد دہشت گردی عدالت سے 5 روزہ جسمانی ریمانڈ حاصل کیا تھا۔
بانی پی ٹی آئی سے تفتیش کا عمل اڈیالہ جیل میں ہی مکمل کیا جائے گا اور اس سلسلے میں بانی پی ٹی آئی کے جیل میں سیل کو تھانہ نیو ٹاون ڈیکلیئر کیا گیا تھا، بانی پی ٹی آئی کے سیل کی سیکیورٹی بھی راولپنڈی پولیس کے کنٹرول میں ہوگی۔
مزید پڑھیں: تھانہ نیو ٹاؤن مقدمہ؛ عمران خان کا 5 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور
پولیس کی تحویل میں 5 روزہ جسمانی ریمانڈ مکمل ہونے پرعمران خان کو 26 نومبر کو دوبارہ انسداد دہشت گردی عدالت میں پیش کیا جائے گا۔
خیال رہے کہ تھانہ نیو ٹاؤن پولیس نے 20 نومبر کی شب کو بانی پی ٹی آئی کی اس مقدمے میں گرفتاری ظاہر کی تھی اور اس کے انہیں اڈیالہ میں قائم جیل عدالت میں پیش کیا گیا تھا۔
انسداد دہشت گردی عدالت کے جج سید امجد علی شاہ اڈیالہ جیل پہنچے تھے اور جسمانی ریمانڈ کے لیے پولیس کی درخواست پر سماعت کی تھی۔
راولپنڈی نے بانی پی ٹی آئی کے 15 روز کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی تھی جبکہ عدالت نے فریقین کے وکلا کے دلائل سننے کے بعد 5 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرلیا تھا۔