نانا پاٹیکر نے فلم ’پرندا‘ کے بعد 19 برس انیل کپور کے ساتھ کام کیوں نہیں کیا؟

ہدایتکار ودھو ونود چوپڑا کی فلم "پرندا" کو حقیقت پر مبنی سینما کا نقطہ آغاز کہا جاتا ہے

بالی ووڈ کے سینئر اداکار نانا پاٹیکر نے اپنی نئی فلم "ونواس" کی تشہیر کے دوران انیل کپور کے ساتھ ایک دلچسپ گفتگو میں انکشاف کیا کہ انہیں 1989 کی بلاک بسٹر فلم "پرندا" میں جیکی شروف کے ذریعے ریپلیس کر دیا گیا تھا۔

نانا پاٹیکر نے کہا: "پرندا میں، انیل کے بڑے بھائی کا کردار میں کر رہا تھا۔ ہم نے ریہرسل بھی کی تھی، لیکن بعد میں جیکی آیا، انیل کی وجہ سے۔ البتہ میں ان کا شکر گزار بھی ہوں کیونکہ اس کے بعد مجھے انا کا کردار کرنے کا موقع ملا۔"

انیل کپور نے وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ وہ شروع سے کاسٹنگ کے شعبے میں بھی کام کرتے آئے ہیں اور انہیں لگا کہ بڑے بھائی کے کردار کے لیے جیکی شروف زیادہ موزوں ہوں گے۔ 

انہوں  نے مزید کہا: "یہ ہدایتکار کا فیصلہ ہوتا ہے۔ میں نے صرف اپنی رائے دی تھی۔ مجھے لگا کہ جیکی بہتر انتخاب ہوگا۔"

نانا پاٹیکر  نے مزید بتایا کہ وہ اس واقعے کے بعد 19 سال تک انیل کے ساتھ کسی فلم میں کام نہیں کرنا چاہتے تھے۔ 

انہوں نے کہا "میں نے کہا یہ آدمی بکواس ہے۔ اس کے ساتھ میں نے کوئی فلم نہیں کی۔ 19 سال بعد ہم نے "ویلکم" میں ساتھ کام کیا۔"

ہدایتکار ودھو ونود چوپڑا کی فلم "پرندا" کو حقیقت پر مبنی سینما کا نقطہ آغاز کہا جاتا ہے۔ اس فلم نے نیشنل فلم ایوارڈز سمیت کئی اعزازات جیتے، جن میں نانا پاٹیکر کو بیسٹ سپورٹنگ ایکٹر کا ایوارڈ بھی شامل ہے۔

Load Next Story