24 نومبر کی کال حتمی، عمران خان کوئی سمجھوتہ کریں گے اور نہ تاریخ واپس ہوگی، علیمہ خان

عمران خان نے کہا ہے کہ صرف میری قربانی سے کچھ نہیں ہوگا، آپ کو اپنے لیے کھڑا ہونا ہوگا، علیمہ خان

راولپنڈی:

پاکستان تحریک انصاف کے بانی چیئرمین کی ہمشیرہ علیمہ خان نے کہا ہے کہ 24 نومبر کی کال حتمی ہے اور اس پر کوئی سمجھوتہ ہوگا نہ ہی عمران خان تاریخ واپس لیں گے۔

اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو میں علیمہ خان کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی نے پھر کہا ہے 24 نومبر کو پاکستانیوں کو اپنی آزادی کیلئے نکلنا ہے، ڈیڑھ سال سے جیل میں رکھا ہوا ہے اور مجھ پر جائز کیس بھی نہیں بنائے، میں اقتدار یا کھیل کیلئے نہیں لڑ رہا ہمیں آزادی چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ آپ دیکھ رہے ہیں، جو لوگ اپنی آزادی کیلئے کھڑا ہونا چاہتے ہیں ان پر کتنا ظلم کیا جاتا ہے۔وقت آگیا ہے کہ آپکو سمجھ آجائے کہ یہ ظلم کا نظام ہماری آنے والی نسلوں کے لئے مزید بدتر ہوتا جائے گا، یہ صرف اس مقصد کے لیے کیا جا رہا تھا کہ وہ آپ کے لیے آواز نہ اٹھا سکیں جو اپ کے لیے قید میں بیٹھے ہیں۔

علیمہ خان کے مطابق عمران خان نے کہا کہ جتنا قید میں رکھنا ہے رکھ لیں میں اس مافیا کے بنائے گئے نظام کو قبول نہیں کروں گا، 8 فروری کو آپ نے ووٹ دے کر ثابت کیا کہ آپ قوم بن کر نکلے اور باشعور قوم ہیں، لیکن آپ کا حق اور آزادی آپ سے چھین لی گئی، آپ کی آزادی دوبارہ چھینی گئی ہے اس کیلئے آپ کو 24 نومبر کو نکلنا ہے۔

عمران خان نے کہا کہ آزادی صرف میری قربانی سے نہیں آئے گی یہ تب آئے گی جب آپ خود کھڑے ہوں گے اور اپنا حق مانگیں گے، جب تک آپ کے ووٹ کی قدر نہیں کی جاتی آپ نے آرام سے نہیں بیٹھنا، 24 تاریخ اہم دن ہو گیا ہے یہ فائنل کال ہے، یہ لوگ آپ کو گمراہ کر رہے ہیں آپ نے ان کی کسی بات پر نہیں چلنا یہ احتجاج آپ کا آئینی حق ہے۔

 

Load Next Story