DUBLIN:
آئرلینڈ کے وزیرعظم سیمون ہیرس نے کہا ہے کہ عالمی عدالت کی جانب سے وارنٹ گرفتاری جاری ہونے کے بعد اگر اسرائیلی وزیراعظم بینجمن نیتن یاہو دورے پر آئے تو انہیں گرفتار کرنے کے لیے تیار ہیں۔
خبرایجنسی رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق آئرلینڈ کے وزیراعظم سیمون ہیرس سے سرکاری نشریاتی ادارے آر ٹی ای سے گفتگو کے دوران سوال کیا گیا کہ کیا اسرائیلی وزیراعظم بینجمن نیتن یاہو آئرلینڈ کے دورے پر آتے ہیں تو انہیں گرفتار کرلیا جائے تو تو انہوں نے جواب دیا کہ ہاں بالکل کیونکہ عالمی عدالت کے ساتھ تعاون کرتے ہیں اور ہم ان کے وارنٹس پر عمل درآمد کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ آئرلینڈ کی جانب سے حماس کے عہدیدار محمد ضیف کے خلاف جاری وارنٹس پر بھی عمل درآمد کریں گے جبکہ عالمی عدالت نے واضح نہیں کیا کہ انہیں شہید کیا گیا ہے یا زندہ ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: عالمی فوجداری عدالت نے اسرائیلی وزیراعظم اور سابق وزیر دفاع کے وارنٹِ گرفتاری جاری کردیے
آئرلینڈ کے وزیرخارجہ مائیکل مارٹن نے کہا کہ انہوں نے نیتن یاہو اور یووگیلنٹ کے وارنٹ گرفتاری کو مضحکہ خیز قرار دینے کے امریکی صدر جوبائیڈن کے مؤقف سے اختلاف کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ غزہ میں جنگی جرائم کا ارتکاب کیا گیا ہے، لوگوں کو بلاتفریق سزا دینا واقعی میں نسل کشی ہے۔
خیال رہے کہ آئرلینڈ کی جانب سے فلسطین کو رواں برس مئی میں بطور ریاست تسلیم کرنے کے بعد اسرائیل کے ساتھ تعلقات خراب ہیں اور اس فیصلے کے بعد اسرائیل نے اپنا سفیر بھی واپس بلالیا تھا۔
عالمی عدالت نے غزہ میں اکتوبر 2023 سے مئی 2024 تک انسانیت سوز مظالم اور جنگی جرائم کے ارتکاب پر اسرائیل کے وزیراعظم بینجمن نیتن یاہو اور سابق وزیر دفاع یوو گیلنٹ کے وارنٹ گرفتاری جاری کردیا۔
مزید پڑھیں: نیدرلینڈز کا اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کو اپنی سرزمین پر گرفتار کرنے کا اعلان
عالمی عدالت نے اپنے فیصلے میں کہا کہ اس حوالے سے مناسب شواہد موجود ہیں کہ دونوں افراد نے جان بوجھ کر غزہ میں شہری آبادی کو خوراک، پانی، ادویات او طبی اشیا کے ساتھ ساتھ ایندھن اور بجلی سے بھی محروم رکھا۔
علاوہ ازیں عالمی عدالت نے حماس کے رہنما محمد ضیف کے بھی وارنٹ گرفتاری جاری کردیا ہے۔