طلاق کی شرح میں اضافہ کیوں ہورہا ہے؟ حنا بیات نے وجہ بتا دی
پاکستان شوبز کی اداکارہ حنا بیات نے معاشرے میں بڑھتی ہوئی طلاق کی وجہ بتا دی۔
اداکارہ حنا بیات خواجہ نے حال ہی میں ایک پروگرام میں بطور مہمان شرکت کی جہاں انہوں نے مختلف موضوعات پر اپنی رائے کا اظہار کیا۔
اپنے گہرے تجربات اور مشاہدات کی بنا پر حنا بیات نے معاشرے میں بڑھتی ہوئی طلاقوں اور رشتوں کے ٹوٹنے کے رجحان پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے معاشرے میں برداشت کم ہو گیا ہے، اور مرد و خواتین دونوں ماضی کے مقابلے میں کم صبر و تحمل کا مظاہرہ کرتے ہیں۔
حنا بیات نے وضاحت کی کہ ماضی میں خواتین بہت سی زیادتیاں برداشت کرتی تھیں جنہیں معمول سمجھا جاتا تھا۔ تاہم اب خواتین اپنے حق کے لیے کھڑی ہو رہی ہیں اور جسمانی یا جذباتی زیادتی کو قبول نہیں کرتیں۔
یہ تبدیلی ایک مثبت پہلو ہے لیکن اداکارہ نے اس بات پر بھی زور دیا کہ مرد اور خواتین دونوں کو اپنے رشتے مضبوط بنانے کے لیے محنت کرنی چاہیے اور معمولی باتوں پر درگزر کرنے کی عادت اپنانی چاہیے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اگر مسائل غیر معمولی نہ ہوں، تو دونوں فریقین کو ایک دوسرے کو موقع دے کر رشتے بچانے کی کوشش کرنی چاہیے۔ حنا بیات نے اپنے شوہر راجر بیات کے ساتھ خوبصورت ازدواجی زندگی کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ محبت، حمایت، اور خاندان کے درمیان ہم آہنگی کسی بھی کامیاب رشتے کی بنیاد ہیں۔
واضح رہے کہ ملک میں طلاق کی شرح میں دن بہ دن اضافہ ہوتا جارہا ہے جبکہ گھریلو تشدد اور قتل کے واقعات بھی بڑھتے جارہے ہیں۔