کراچی ائیرپورٹ کے قریب چینی شہریوں پرحملے کے ملزمان کے ریمانڈ میں 10 روز کی توسیع
انسداد دہشتگردی کی منتظم عدالت نے ایئرپورٹ کے قریب چینی شہریوں پرخودکش حملے کے ملزمان کے ریمانڈ میں 10 روز کی توسیع کردی۔
کراچی میں انسداد دہشت گردی کی منتظم عدالت کے روبرو ایئرپورٹ کے قریب چینی شہریوں پر خودکش دھماکے کے مقدمے کی سماعت ہوئی۔ سی ٹی ڈی پولیس نے جسمانی ریمانڈ مکمل ہونے پر گرفتار ملزمان جاوید اور مسمات گل نساء کو عدالت میں پیش کیا۔
تفتیشی افسر نے بتایا کہ ملزم جاوید کو چشم دید گواہوں نے شناخت کرلیا ہے۔ ملزم کو ملیر کورٹ میں شناخت پریڈ کے دوران گواہوں نے شناخت کیا ہے۔ ملزمان سے مزید تحقیقات باقی ہے جسمانی ریمانڈ دیا جائے۔ عدالت نے ملزمان کے جسمانی ریمانڈ میں 10 روز کی توسیع کردی۔ عدالت نے تفتیشی افسر سے آئندہ سماعت پر پیش رفت رپورٹ بھی طلب کرلی۔
پولیس کے مطابق ملزمان نے خود کش حملہ آور کو سہولت فراہم کی۔ ملزمان کا تعلق بلوچستان لبریشن آرمی سے ہے۔ دہشتگردوں نے ملک دشمن غیر ملکی خفیہ ایجنسی کی مدد سے دھماکہ کیا۔