مطالبات کی منظوری کے لیے ہر حد تک جائیں گے، وزیراعلی

ہمارا نقصان ہوا تو وفاقی حکومت ذمہ دار ہوگی، علی امین گنڈاپور


ویب ڈیسک November 23, 2024

پشاور: وزیراعلی کے پی علی امین گنڈاپور نے کہا ہے کہ مطالبات کی منظوری کے لیے ہر حد تک جائیں گے۔

وزیر اعلی ہاؤس پشاور میں تحریک انصاف کے بڑوں کا اجلاس چیئرمین بیرسٹر گوہر کی صدارت میں ہوا جس میں وزیراعلٰی خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور، سابق صدر عارف علوی، شبلی فراز، سیکرٹری اطلاعات شیخ وقاص اکرم اور دیگر رہنماؤں نے شرکت کی۔

اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے علی امین گنڈاپور نے کہا کہ بوکھلاہٹ میں وفاقی و پنجاب حکومت موٹروے اور شاہراہیں بند نہ کرے، تحریک انصاف کے احتجاج سے حکومت کی کانپیں ٹانگ رہی ہیں، حکومت نے ملک بند کرکے ہمارا احتجاج خود ہی کامیاب بنادیا ہے، ہمارا احتجاج پرامن ہوگا، حکومت ملک بلاک کرکے عوام کو تکلیف دے رہی ہے، بانی پی ٹی آئی کی ایک کال سے حکومت کے اوسان خطاہوگئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہمارا پہلا مطالبہ عمران خان اور کارکنوں کی رہائی ہے، اپنے مطالبات کی منظوری کے لیے ہم ہر حد تک جائیں گے، کل کے احتجاج میں اووررسیز پاکستانی بھی حصہ لیں۔

وزیراعلٰی نے کہا کہ حکومت کو متنبہ کرتے ہیں اگر ہمارا نقصان ہوا تو وفاقی حکومت ذمہ دار ہوگی، حکومت نے گولیاں چلائیں اور تشدد کیا تو نقصان کی ذمہ دار ہوگی۔

دریں اثنا اپنے ویڈیو پیغام میں انہوں نے کہا کہ ہمیں کل عمران خان کی ہدایت پر نکلنا ہے ، انہیں بے گناہ گرفتار کیا گیا، ہمارے پارٹی کے ساتھ ظلم کیا جارہا ہے، بانی کی ہدایت ہے مطالبات پورے ہونے تک ڈی چوک میں دھرنا دینا ہے، جو ظلم اور فسطائیت جاری ہے اس کے خلاف ہم سب کو نکلنا ہے اور اس وقت تک وہاں سے نہیں جانا جب تک ہمارے مطالبات پورے ہیں ہوتے۔

انہوں نے کہا کہ ہمارا مطالبہ عمران خان سمیت ہمارے کارکنوں کی رہائی ہے، ہم پر آپ بے جا تشدد کرتے ہیں، ہمارے راستوں کو بند کرتے ہیں ہم پر فائرنگ کی جاتی ہے اگر کوئی بھی نقصان ہوا اس کی ذمہ داری حکومت پر عائد ہوگی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں