بھارتی اداکار ابھیشیک بچن کی نئی فلم ’آئی وانٹ ٹو ٹاک‘ باکس آفر پر ہلچل مچانے میں ناکام ہوگئی۔
ابھیشیک کی اس فلم ’آئی وانٹ ٹو ٹاک‘ کی ہدایت کاری شوجیت سرکار نے کی ہے جو کہ بھارت میں اپنے پہلے دن کے کمائی کے لحاظ سے ایک سست آغاز سے دوچار ہوئی۔
رپورٹس کے مطابق 22 نومبر کو عالمی سطح پر ریلیز ہونے والی اس فلم نے ریلیز کے پہلے دن بھارت میں صرف 25 لاکھ روپے کمائے جبکہ فلم کی مجموعی ہندی اوکیوپینسی صرف 7.44 فیصد رہی۔
اس فلم کی پروڈکشن رائزنگ سن فلمز اور کینو ورکس نے کی ہے اور اسے ایک ’سلائس آف لائف‘ ڈرامہ کہا جا رہا ہے۔ فلم میں ابھیشیک بچن نے ارجن کا کردار ادا کیا ہے، جو ایک بڑی سرجری کے لیے تیار ہو رہا ہے اور اس دوران اپنی بیٹی کے ساتھ تعلقات کی پیچیدگیوں کا سامنا کر رہا ہے۔
فلم کی دیگر نمایاں کاسٹ میں جونی لیور، اہلیا بامرو، بنیٹا سندھو اور پرل مانی شامل ہیں۔
واضح رہے کہ آئی وانٹ ٹو ٹاک ابھیشیک کی پچھلی فلم ’گھومر‘کے مقابلے میں باکس آفس پر کمزور آغاز کر رہی ہے، جبکہ2023 کی فلم گھومر اداکار کی کامیاب فلم تھی۔