پی ڈی ایم تھری امن و امان کے قیام اور عوام کو ریلیف دینے میں ناکام ہوگئی، حافظ نعیم

پی ٹی آئی کے ملک بند کرنے کی کال کو حکومت نے خود پورا کردیا، امیر جماعت اسلامی

امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم تھری امن و امان کے قیام اور عوام کو ریلیف دینے میں ناکام ہوگئی۔ پی پی اور ن لیگ میں نورا کشتی کو سندھ سمیت پورے ملک کے عوام خوب سمجھتے ہیں، پی پی کی عوامی حمایت ختم ہو چکی، اسے اسٹیبلشمنٹ کی حمایت حاصل نہ ہو تو یہ دھڑام سے گرجائے، یہ اسٹیبلشمنٹ اور چند وڈیروں کی مدد سے سندھ پر قابض ہے، اسٹیبلشمنٹ کی حمایت کے بغیر یہ کراچی کی میئر شپ پر بھی قابض نہیں ہوسکتی تھی اسٹیبلشمنٹ نے باربار کرپٹ عناصر کو مسلط کیا اور اسے ناکامی کا سامنا کرنا پڑا۔

امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم نے حیدرآباد میں پریس کانفرنس اور بعدازاں جماعت اسلامی سندھ حلقہ خواتین کی سہ روزہ تربیت گاہ سے خطاب کرتے ہوئے اپنے بیان میں کہا کہ پانی کا کوئی بھی نیا منصوبہ قومی اتفاق رائے کے بغیر اور 1991 کے معاہدہ کی خلاف ورزی کرتے ہوئے نہیں بننا چاہیے۔ کسی بھی سیاسی پارٹی کے پرامن احتجاج کی حمایت کرتے ہیں، حکومت کے ہتھکنڈے قابل مذمت ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے ملک بند کرنے کی کال کو حکومت نے خود پورا کردیا۔ جماعت اسلامی حق بات بغیر خوف کے کہے گی، ملک میں پہلے ہی پولرائزیشن عروج پر ہے، چاہتے ہیں مزید بدمزگی نہ ہو اور ہمارے کسی حتمی اعلان سے قبل حکومت خود ہی عوام کو ریلیف دے اور بجلی، پٹرول اور اشیائے خورونوش کی قیمتیں کم کردے۔ عوام کے حقوق کے لیے جدوجہد جاری، جماعت اسلامی کا راستہ روکا گیا تو حالات کسی کے کنٹرول میں نہیں رہیں گے

امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ سندھ اور جنوبی پنجاب میں ڈاکو راج ہے، خیبر پختوانخوا سے دل دہلا دینے والی خبریں آرہی ہیں اور بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز اور عوام کو سرعام نشانہ بنایا جارہا ہے، ملک میں امن و امان کی صورتحال انتہائی مخدوش اور تشویش ناک ہے۔ امن و امان کا قیام اور عوام کو تحفظ فراہم کرنا وفاقی و صوبائی حکومت کی اولین ذمہ داری ہے۔

وزیراعلیٰ کے پی پرامن احتجاج ضرور کریں لیکن ان کا اصل فوکس صوبہ کے عوام کو تحفظ فراہم کرنے اور انتظامی معاملات درست کرنے پر ہونا چاہیے۔ حکمران خوفزدہ ہونے کی بجائے ملوث طاقتوں کا نام لیں۔انہوں نے کہا کہ آئی پی پیز معاہدوں کے نتیجہ میں قومی خزانہ کو حاصل ہونے والے فائدہ کو بجلی کی قیمتوں میں کمی کے لیے استعمال کیا جائے۔ حکومت نے تاحال راولپنڈی معاہدہ پر عملدرآمد نہیں کیا۔ اعدادوشمار کے جھوٹے بیانیہ سے نہیں، حکومت کے معیشت میں بہتری کے دعوے تب تسلیم کیے جائیں گے جب عوام کو ریلیف ملے گا اور تنخواہ داروں پر ٹیکسز میں کمی کی جائے گی۔

حلقہ خواتین صوبہ سندھ کی تربیت گاہ سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت نے کہا کہ فلسطین میں مسلمانوں کی نسل کشی جاری ہے اور عالمی طاقتیں صہیونی افواج کو مکمل تحفظ فراہم کر رہی ہیں، انسانی حقوق کے نام نہاد چیمپئن خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں جو جتنا طاقتور ہے وہ اتنی ہی زیادہ انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں میں ملوث ہے، مغرب میں جمہوریت صرف نام کی ہے، سیکیورٹی کونسل میں فلسطین میں جنگ بندی کی قرارداد کے حق میں 14ممبرز نے ووٹ دیے، امریکا نے ویٹو کر دیا اور جنگ جاری ہے۔

انھوں نے کہا کہ حق کے لیے جدوجہد کرنا اور ظالم کے خلاف آواز اٹھانا ہر مسلمان مرد اور عورت پر لازم ہے۔ انھوں نے کہا کہ جماعت اسلامی ملک میں ایسا انقلاب لائے گی جس میں عدل و انصاف کا بول بالا ہو گا، خواتین کو حقوق ملیں گے، انھیں وراثت میں حصہ ملے گا، عوام کے وسائل عوام پر صرف ہوں گے۔

Load Next Story