راولپنڈی:
سیکیورٹی فورسز نے خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع میں کارروائیاں کرتے ہوئے 3 دہشت گردوں کو ہلاک جبکہ تین کو زخمی کردیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع میں 21 اور 22 نومبر کو سیکیورٹی فورسز کی کارروائیوں کے دوران تین دہشت گرد ہلاک اور تین زخمی ہوگئے۔
اعلامیے کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے کارروائی کے دوران دہشت گردوں کے ٹھکانے کو مؤثر انداز سے نشانہ بنایا۔ سیکیورٹی فورسز سے فائرنگ کے تبادلے میں دو دہشت گرد حق یار آفریدی عرف خیبرای اور گلہ جان ہلاک ہوئے۔
اعلامیے کے مطابق فورسز نے علاقے کو مکمل طور پر کلیئر کر لیا ہے۔
دوسری جانب آئی ایس پی آر کے مطابق جنوبی وزیرستان میں سرحد پار سے دراندازی کی کوشش کو ناکام بنایا گیا ہے۔ فورسز کو جنوبی وزیرستان میں پاکستان-افغانستان سرحد کے قریب دہشت گردوں کے ایک گروہ کی نقل و حرکت کا پتا چلا جو سرحد پار سے پاکستان میں داخل ہونے کی کوشش کر رہا تھا۔
سیکیورٹی فورسز نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ان کی کوشش کو ناکام بنایا جس میں کارروائی کے دوران ایک دہشت گرد ہلاک جبکہ تین زخمی ہوگئے۔ آئی ایس پی آر نے اعلامیے میں کہا ہے کہ پاکستان نے بارہا افغان عبوری حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اپنی جانب مؤثر سرحدی انتظامات کو یقینی بنائے اور افغان سرزمین کو پاکستان کے خلاف دہشت گردی کے لیے استعمال ہونے سے روکا جائے۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ افغان حکومت اپنی ذمہ داریوں کو پورا کرے اور دہشت گردوں کو کسی بھی قسم کی معاونت فراہم نہ کرے۔ پاک فوج دہشت گردی کے خاتمے اور ملکی سرحدوں کے تحفظ کے لیے پرعزم ہے۔
اعلامیے کے مطابق سیکیورٹی فورسز ہر قسم کی دراندازی اور دہشت گردی کی کوششوں کو ناکام بنانے کے لیے تیار ہیں۔ قوم کے تعاون سے ملک کو دہشت گردی سے پاک کیا جائے گا۔
صدر زرداری
صدر مملکت آصف علی زرداری نے ضلع خیبر اور جنوبی وزیرستان میں پاک افغان سرحد پر خوارج کے خلاف کارروائی پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین کیا۔
صدر مملکت نے کارروائی کے دوران 3 خوارج جہنم واصل کرنے اور سرحد سے دراندازی روکنے پر سیکیورٹی فورسز کی بہادری کی تعریف کی اور کہا کہ دہشت گردوں کی جانب سے پاکستان کا امن و امان خراب کرنے اور دراندازی کی کوششیں ناکام بنائیں گے۔
صدر مملکت نے دہشت گردی کے عفریت کے خاتمے تک کاروائیاں جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔
انسانیت کے دشمنوں کے مذموم عزائم اسی طرح خاک میں ملاتے رہیں گے، وزیراعظم
وزیراعظم محمد شہباز شریف کا ضلع خیبر کے علاقے باڑا اور جنوبی وزیرستان میں فتنہ الخوارج کے خلاف کامیاب آپریشن پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین کیا ہے۔
وزیراعظم نے اپنے بیان میں کہا کہ سیکیورٹی فورسز نے ضلع خیبر میں 2 اور جنوبی وزیرستان میں 1 خارجی کو جہنم واصل کیا گیا اور 3 کو گرفتار کیا۔ انہوں نے کہا کہ انسانیت کے دشمنوں کے مذموم عزائم اسی طرح خاک میں ملاتے رہیں گے، دہشتگردی کی جنگ میں پوری قوم سیکیورٹی فورسز کے نڈر نوجوانوں کے ساتھ کھڑی ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ ملک سے خوارج اور دہشتگردی کے مکمل خاتمے کے لیے حکومت متحرک ہے۔
وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے خیبرپختونخوا میں کامیاب آپریشنز پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین کرتے ہوئے 3 خوارجی دہشت گردوں کو جہنم واصل کرنے پر سکیورٹی فورسز کو شاباش دی۔
محسن نقوی نے کہا کہ 3 خوارجی دہشتگردوں کو عبرتناک انجام تک پہنچانے پر سکیورٹی فورسز کو سلام پیش کرتے ہیں، سیکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کرکے خوارجی دہشتگردوں کے مذموم عزائم کو ناکام بنایا۔
وزیرداخلہ نے کہا کہ قوم کو بہادر سیکیورٹی فورسز پر ناز ہے، خوارجی دہشتگردوں کو پاکستان میں کہیں بھی چھپنے نہیں دیں گے، قوم کی حمایت سے دہشت گردوں کا صفایا کریں گے۔