لاہور کے مختلف علاقوں میں انسانی جانوں کے لیے غیر محفوظ رکشے بنانے والوں کے خلاف جاری کریک ڈاؤن میں سیکرٹری ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی رانا محسن نے ڈپٹی کمشنر کی ہدایت پر عمل کرتے ہوئے 4 غیر قانونی رکشہ باڈی بنانے والی فیکٹریاں سیل کر دیں۔
ڈپٹی کمشنر کی ہدایت پر عمل کرتے ہوئے رانا محسن سیکرٹری ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی نے ٹیم کے ہمراہ کارروائیاں کیں کارروائیوں میں غیر قانونی کام میں ملوث 10 افراد کے خلاف مقدمات درج کر کے ان کو گرفتار کر لیا گیا۔
بغیرلائسنس اور منظوری چنگ چی رکشوں کی باڈی بنانا غیر قانونی ہے، تکنیکی معیار پر پورے اترنے والی لائسنس یافتہ کمپنیاں رکشہ بنانے کی مجاز ہیں، موٹر سائیکل کو غیرقانونی طور پر سواری رکشہ یا لوڈر رکشہ بنانا سنگین جرم ہے، غیر قانونی رکشہ باڈی میکرز کے خلاف سخت قانونی کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔
اس غیر قانونی پیشے سے وابستہ تمام افراد کو خبردار کیا جاتا ہے کہ اس فعل سے باز رہیں، بصورتِ دیگر سخت قانونی کاروائی عمل میں لائی جائے گی، معزز شہریوں سے التماس ہے کہ محفوظ سفر کے حصول کو یقینی بنانے کے لئے ایسے سنگین جرائم میں ملوث عناصر کی نشاندہی کریں۔