پی ٹی آئی احتجاج کو روکنے کیلیے اسلام آباد کے تمام داخلی راستے بند، مری روڈ کو کھود دیا گیا

موٹرویز صبح سے بند ہیں، راستے بند ہونے کی وجہ سے راولپنڈی اسلام آباد کے شہری شدید پریشانی کا شکار ہیں

اسلام آباد:

پاکستان تحریک انصاف کے احتجاج کو روکنے کیلیے اسلام آباد کے تمام داخلی راستے بند کردیے گئے جبکہ مری سے آنیوالی سڑک کو کھود دیا گیا ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق اسلام آباد انتظامیہ کی جانب سے کیے جانے والے اقدامات کی وجہ سے شہر کے داخلی راستوں پر کہیں ٹریفک جزوی بحال کہیں بند ہے۔

کھنہ پُل کے مقام سے ایکسپریس وے کو سیل کیا گیا ہے جبکہ اطراف کے انڈر پاس ٹریفک کیلئے کھلے ہیں، ایکسپریس وے بلیو ایریا کے مقام پر بھی سیل ہے۔

فیض آباد انٹرچینج کنٹینرز ہٹا کر ٹریفک کیلئے کھول دیا گیا ہے۔ ایران ایونیو ڈی12 کے مقام پر بند، چھبیس نمبر چونگی پل کو کنٹینر لگا کر بند کردیا گیا جبکہ زیرو پوائںٹ بھی ٹریفک کیلئے کھلا ہے۔

راولپنڈی آئی جے پی روڈ پر رکاوٹیں کھڑی کرنے کا سلسلہ شروع کردیا گیا ہے جبکہ ایکسپریس وے کو سرینگر ہائی وے سے ملانے والا راستہ بھی بند کردیا۔

 دوسری جانب مری سے آنیوالی سڑک کو کنٹینر رکھنے کے علاوہ بعض مقامات سے کھود کر بند کردیا گیا ہے۔

اُدھر موٹرویز صبح سے بند ہیں، راستے بند ہونے کی وجہ سے راولپنڈی اسلام آباد کے شہری شدید پریشانی کا شکار ہیں۔

Load Next Story