کراچی سے پشاوری چپل میں آئس چھپا کر نیوزی لینڈ اسمگل کرنے کی کوشش ناکام

برآمد شدہ 250 گرام آئس نیوزی لینڈ کے لیے بک کروائے گئے پشاوری چپل کے پارسل میں چھپائی گئی تھی

اینٹی نارکوٹکس فورس نے کراچی میں ایک کوریئر آفس سے نیوزی لینڈ کے لیے بک کروائے گئے پشاوری چپل کے پارسل میں چھپائی گئی 250 گرام آئس برآمد کرکے اسمگلنگ کی کوشش ناکام بنا دی۔

ترجمان اے این ایف کے مطابق ملک کے مختلف شہروں میں منشیات اسمگلنگ کے خلاف کارروائیوں کا سلسلہ جاری ہے جس کے دوران 6 کروڑ سے زائد مالیت کی 114.450 کلوگرام منشیات برآمد کرلی جس کے دوران ایک ملزم کی گرفتاری بھی عمل میں آئی۔

ترجمان کے مطابق  کراچی میں ایک کوریئر آفس پر خفیہ اطلاع کے ذریعے کارروائی کی گئی جس کے دوران پارسل کے اندر موجود پشاوری چپل میں چھپائی گئی 250 گرام آئس برآمد کرلی گئی، مذکورہ پارسل نیوزی لینڈ کے لیے بک کروایا گیا تھا۔

بلوچستان کے ضلع قلعہ عبداللہ میں اسمگلنگ کی غرض سے چھپائی گئی 80 کلوگرام مارفین اور 30 کلوگرام چرس برآمد کی گئی جبکہ جی ٹی روڈ راولپنڈی پر ملزم کے قبضے سے 4.100 کلو چرس برآمد کی گئی۔

گرفتار ملزم کےخلاف انسداد منشیات ایکٹ کےتحت مقدمات درج کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

Load Next Story