لانڈھی پولیس نے بیوہ خاتون سے ڈکیتی کے دوارن مرحوم شوہر کے جی پی فنڈز کی رقم 27 لاکھ روپے لوٹنے کا مقدمہ 10 روز کے بعد درج کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق لانڈھی کے علاقے 6 نمبر غفور سوئٹس کے قریب رواں ماہ 12 نومبر کو موٹر سائیکل سوار 2 ڈاکو وجیہہ نامی خاتون سے پرس چھین کر فرار ہوئے تھے جس میں 27 لاکھ روپے نقد ، موبائل فون ، شناختی کارڈ ، چیک بک اور دیگر سامان موجود تھا۔
واردات کی اطلاع فوری طور پر لانڈھی پولیس کو دی گئی تاہم پولیس حدود کے تنازعے پر ٹال مٹول سے کام لیتی رہی تاہم 21 نومبر کو لانڈھی پولیس نے واقعہ کا مقدمہ نمبر 687 سال 2024 بجرم دفعات 397 چونتیس کے تحت متاثرہ خاتون کے بھائی افتخار کی مدعیت میں موٹر سائیکل سوار 2 نامعلوم ملزمان کے خلاف درج کرلیا۔
مدعی مقدمہ کے مطابق وہ سرکاری ملازم ہے اور 12 نومبر کی دوپہر ایک بجے کے قریب اپنی بہن وجیہہ کے ہمراہ نجی بینک کی برانچ کے ایریا مارکیٹ کورنگی سے 27 لاکھ روپے نکلوا کر اپنی گاڑی میں سوار ہو کر گھر جا رہے تھے جبکہ پیسے بہن کے پرس میں رکھے ہوئے تھے۔
مدعی کے مطابق جب ہم لانڈھی 6 نمبر غفور سوئٹس کے قریب پہنچے تو موٹر سائیکل پر سوار 2 ملزمان جو کہ شلوار قمیض میں ملبوس تھے کار کے سامنے آکر ہمیں روکا اور اسلحے کے زور پر بہن سے پرس چھین کر فرار ہوگئے۔
لانڈھی پولیس نے واردات کا مقدمہ درج کر کے انویسٹی گیشن پولیس کے حوالے کر دیا جو مزید تفتیش کر رہی ہے۔