شہر کے مختلف علاقوں میں گھروں سے خاتون سمیت 2 افراد کی گلے میں پھندا لگی لاشیں ملی ہیں، پولیس نے دونوں واقعات کو خودکشی قرار دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق فیروز آباد کے علاقے پی ای سی ایچ ایس سوسائٹی بلاک 2 طارق روڈ کے قریب رہائشی عمارت کے فلیٹ سے گلے میں پھندا لگی خاتون کی لاش ملی جسے ضابطے کی کارروائی کے لیے جناح اسپتال لیجایا گیا جہاں متوفیہ کی شناخت 36 سالہ شیریں گل کے نام سے کی گئی۔
ایس ایچ او فیروز آباد انعام جونیجو نے بتایا کہ ابتدائی معلومات کے مطابق متوفیہ 4 بچوں کی ماں تھی جس کا شوہر سے کسی بات پر جھگڑا ہوا تھا جس پر اس نے دلبرداشتہ ہو کر خود کو پھندا لگا کر خودکشی کرلی تاہم اس حوالے سے پولیس تحقیقات کر رہی ہے۔
دریں اثنا قائد آباد کے علاقے لانڈھی شیر پاؤ کالونی آفریدی بس اسٹاپ کے قریب گھر سے ایک شخص کی گلے میں پھندا لگی لاش ملی جسے ضابطے کی کارروائی کے لیے جناح اسپتال منتقل کیا گیا جہاں متوفی کی شناخت 35 سالہ ابرار کے نام سے کی گئی۔
ایس ایچ او قائد آباد فراست شاہ نے بتایا کہ متوفی کی 2 سال قبل شادی ہوئی تھی جو کہ ان دنوں بیروزگار تھا ۔ متوفی کی اہلیہ نے پولیس کو بتایا کہ وہ میکے گئی ہوئی تھی جب واپس گھر آئی تو دروازہ اندر سے بند تھا دستک دینے پر دروازہ نہیں کھولا تو مالک مکان نے اپنے بیٹے کو کھڑکی کے ذریعے گھر کے اندر بھیجا جس نے دروازہ کھولا اور گھر کے اندر داخل ہوئے تو ابرار کی لاش لٹکی ہوئی تھی۔
انھوں نے بتایا کہ فوری طور پر خودکشی کی وجوہات معلوم نہیں ہو سکی تاہم پولیس واقعہ کی مزید چھان بین کر رہی ہے۔