پی ٹی آئی اہم دوروں، اقتصادی یا سفارتی سرگرمیوں کے موقع پر مظاہرے کیوں کرتی ہے، وزیردفاع
وزیردفاع خواجہ آصف نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے احتجاج کے اعلان پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ پی ٹی آئی اہم غیرملکی رہنماؤں کے دوروں، اقتصادی یا سفارتی سرگرمیوں کے دوران مظاہروں کا اہتمام کیوں کرتی ہے۔
اے پی پی کی رپورٹ کے مطابق وزیر دفاع خواجہ آصف نے نجی ٹی وی سے گفتگو کے دوران کہا کہ پی ٹی آئی کا ایجنڈا ملک میں انتشار پھیلانا اور عدم استحکام پیدا کرنا ہے اور وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور وفاق پرچڑھائی کرنے کے بجائے صوبے سے دہشت گردی کے خاتمے کے لیے جدوجہد کریں۔
انہوں نے سوال کیا کہ پی ٹی آئی اکثر اہم دوروں، کانفرنسوں اور اقتصادی یا سفارتی سرگرمیوں جیسے اہم پروگراموں کے دوران مظاہروں کا اہتمام کیوں کرتی ہے۔
بانی پی ٹی آئی کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے حالیہ ویڈیو بیان پر تنقید کرتے ہوئے انہوں نے دعویٰ کیا کہ اس میں مذہب، سیاست اور بین الاقوامی تعلقات کو نشانہ بنایا گیا ہے۔
خواجہ آصف نے کہا کہ خیبرپختونخوا کے وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور کو صوبے سے دہشت گردی کے خاتمے کے لیے جدوجہد کرنی چاہیے لیکن بدقسمتی سے وہ وفاق پر حملوں کی منصوبہ بندی میں مصروف ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے لوگ لاشوں پر سیاست کرنا چاہتے ہیں لیکن حکومت کسی کو بھی ملک میں بدامنی پھیلانے اور قانون کو اپنے ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دے گی۔
وزیر دفاع نے کہا کہ حکومت عوام کے جان ومال کے تحفظ اور ملکی استحکام برقرار رکھنے کے لیےہر ممکن اقدامات کرے گی اور شرپسند عناصر کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔