راولپنڈی میں سی ٹی ڈی کا آپریشن، فتنہ الخوارج کے 3 دہشت گرد اپنے ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک
راولپنڈی میں چکری کے قریب سی ٹی ڈی اور دہشت گردوں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس کے نتیجے میں فتنہ الخوارج کے 3 خطرناک نامعلوم دہشت گرد ہلاک ہوگئے جبکہ دو دہشت گرد موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔
ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق سی ٹی ڈی نے دہشت گردوں کی گرفتاری کے لیے انٹیلی جنس بیسڈ کارروائی کی جس پر دہشت گردوں نے سی ٹی ڈی ٹیم پر فائرنگ کردی فائرنگ کے تبادلے میں 3 دہشت گرد اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک ہوئے جبکہ 2 فرار ہو گئے۔
ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق دہشت گردوں سے خودکش جیکٹ، سیفٹی فیوز وائر، رائفلیں، آئی ای ڈی بم، گولیاں اور بارودی مواد بھی برآمد کیا گیا۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ سی ٹی ڈی ٹیموں نے چکری کے قریب ناکہ بندی کرلی اور فرار ہونے والے دہشت گردوں کی گرفتاری کے لیے سرچ آپریشن کیا جا رہا ہے جبکہ ہلاک دہشت گردوں کی شناخت کا عمل جاری ہے۔
ترجمان کے مطابق دہشت گرد راولپنڈی پر بڑے حملے کی منصوبہ بندی مکمل کرچکے تھے سی ٹی ڈی نے کارروائی کرتے ہوئے راولپنڈی کو بڑی تباہی سے بچا لیا۔