کرم معاملے پر اہم پیشرفت ہوئی ہے، بیرسٹر سیف

جلد اچھی خبریں ملنے کا امکان ہے، مثبت پیشرفت کے بارے میں جلد آگاہ کردوں گا، بیرسٹر ڈاکٹر سیف


ویب ڈیسک November 24, 2024

پشاور: خیبرپختونخوا کی صوبائی حکومت کے مشیرِ اطلاعات بیرسٹر محمد علی سیف نے کہا ہے کہ ضلع کرم کے معاملے پر اہم پیشرفت ہوئی ہے۔

بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے ایک بیان میں کہا کہ جلد اچھی خبریں ملنے کا امکان ہے، مثبت پیشرفت کے بارے میں جلد آگاہ کردوں گا، عمائدین اور فریقین کے ساتھ مثبت پیشرفت کی طرف بڑھ رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعلی کو تمام پیشرفت سے وقتا فوقتا آگاہ کیا جارہا ہے، وزیر اعلی حکومتی جرگے کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہیں۔

خیبرپختونخوا کے ضلع کرم میں دو روز قبل پارا چنار سے پشاور جانے والی مسافر گاڑیوں پر فائرنگ کے نتیجے میں جاں بحق افراد کی تعداد 44 تک پہنچ گئی ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق پشاور اور پارا چنار کے درمیان مسافروں کی آمد و رفت کے سلسلے میں چلنے والے گاڑیوں پر دہشت گردوں کے حملے میں 44 افراد جاں بحق جبکہ 20 سے زائد زخمی ہوئے۔

مذکورہ واقعہ کے بعد کرم سے آمد و رفت کا سلسلہ منقطع جبکہ وہاں کے حالات کشیدہ ہیں، سانحے کے بعد بازار بند جبکہ واقعہ میں جاں بحق افراد کی تدفین کردی گئی۔

کمشنر کوہاٹ کے مطابق گزشتہ شب اسی تسلسل مہں جھڑپوں میں مزید 18 افراد جاں بحق ہوئے جس سے کشیدگی میں اضافہ ہوا تاہم وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کی جانب سے مذکورہ واقعہ کا فوری طور پر نوٹس لیاگیا اور ان کی ہدایت پر مشیر اطلاعات بیرسٹر ڈاکٹر سیف ، وزیر قانون آفتاب عالم ، چیف سیکرٹری ندیم اسلم چوہدری ، آئی جی پی اختر حیات ، کمشنر کوہاٹ اور ڈی آئی جی کوہاٹ ہفتہ کے روز ہیلی کاپٹر کے ذریعے کرم پہنچے۔ انہوں نے جرگہ ارکان اور عمائدین سے ملاقاتیں کیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں