WASHINGTON:
امریکا میں پاکستانی سفارت خانے کی جانب سے اسلامی خطاطی کے فن پر مبنی ایک نمائش کا انعقاد کیا گیا، جس میں دیگر ممالک کے سفارت کاروں کے ساتھ ساتھ امریکی عہدیداروں نے بھی شرکت کی۔
واشنگٹن ڈی سی میں قائم پاکستانی سفارت خانے سے جاری اعلامیے کے مطابق اسلامی خطاطی کے فن پر مبنی یہ نمائش "پاکستانی فن، دستکاری اور ادبی سلسلے" کی افتتاحی تقریب تھی، جس میں معروف خطاط عائشہ کمال کو متعارف کروایا گیا۔
پاکستانی سفارت خانے میں منعقدہ نمائش میں سفارت کاروں، امریکی حکومت کے عہدیداروں، ثقافتی شائقین، میڈیا کے نمائندوں اور امریکا میں موجود پاکستانی برادری کے ارکان نے شرکت کی۔
امریکا میں پاکستان کے سفیر رضوان سعید شیخ نے مہمانوں کا خیرمقدم کیا اور فن کار کی صلاحیتوں کی تعریف کی اور اسلامی فن اور ثقافت کو محفوظ رکھنے اور فروغ دینے کی اہمیت پر زور دیا۔
انہوں نے کہا کہ اسلامی خطاطی نہ صرف ایک بصری فن ہے بلکہ یہ ایمان اور روحانیت کا گہرا اظہار ہے، یہ اسلامی عقیدے کے ذریعے حاصل ہونے والے بھرپور ثقافتی ورثے کی ترجمانی کرتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ خطاطی کے تاریخی ارتقا کو بیان کرتے ہوئے رضوان سعید شیخ نے سلطنت عثمانیہ کی خطاطی کے سنہری دور تک، ابتدائی قرآنی نسخوں اور نوشتہ جات سے لے کر مسلم دنیا کی اہم شراکتوں پر روشنی ڈالی۔
پاکستان کے سفیر نے کہا کہ پاکستانی خطاطوں نے اس فن کی ترقی اور بہتری میں اہم کردار ادا کیا ہے، جن میں صادقین اور استاد اللہ بخش شامل ہیں۔
خطاط عائشہ کمال نے نمائش کا کامیاب انعقاد ممکن بنانے کے لیے بھر پورحمایت کرنے پر سفیر رضوان سعید شیخ کا شکریہ ادا کیا اور اپنے فن کی تکنیک اور محرکات پر بھی روشنی ڈالی۔
نمائش میں خطاطی کا بہترین آرٹ ورک پیش کیا گیا اور مشاہدین عائشہ کمال کے کام کی خوبصورتی اورمہارت سے مسحور ہوئے، جو اسلامی خطاطی کی گہری روحانی اور ثقافتی اہمیت کی عکاسی کرتا ہے۔
پاکستان کے سفیررضوان سعید شیخ نے حاضرین کا شکریہ ادا کیا اورکہا کہ مستقبل میں اس طرح کے مزید ایونٹس منعقد کیے جائیں گے جو پاکستان کی فنون، پیچیدہ دستکاریوں اور دلکش ثقافت کو اجاگر کریں گے۔