کراچی؛ سرجانی ٹاؤن میں نامعلوم ملزمان نے نوجوان کو سینے میں گولی مارکر قتل کر دیا
سرجانی ٹاون میں نامعلوم ملزمان نے موٹرسائیکل سوار نوجوان کو سینے میں گولی مار کر قتل کردیا اور فرارہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق سرجانی ٹاون کے علاقے سرجانی سیکٹر ٹو 52A پٹی کچے راستے پر نامعلوم موٹر سائیکل سوار ملزمان نے موٹرسائیکل سوار نوجوان کو سینے پر گولی مار کر قتل کردیا اور موقع سے فرارہوگئے، اطلاع ملنے پر پولیس موقع پرپہنچ گئی اور موقع معائنہ کے بعد لاش ضابطے کی کارروائی کے لیے عباسی شہید اسپتال منتقل کی۔
ایس ایچ او غلام حسین پیرزادہ کے مطابق مقتول کی شناخت 25 سالہ محمد خالد ولد محمد بخش کے نام سے ہو ئی جس مقام پر نوجوان کو قتل کیا گیا وہ راستہ سنسان اور جھاڑیوں والا ہے مقتول مذکورہ راستے سے شہر کی جانب سے آرہا تھا اور اپنے گھر کی جانب جارہا تھا مقتول جالائی گوٹھ کا رہائشی تھا، ابتدائی طور پر قتل ذاتی رنجش کا نتیجہ بتایا جاتا ہے۔
ایس ایچ او کے مطابق ملزمان مقتول سے کچھ چھینے بغیر موقع سے فرارہوئے ہیں مقتول کی موٹرسائیکل، موبائل فون سمیت دیگر سامان موجود ہے تاہم پولیس اس حوالے سے مزید تحقیقات کررہی ہے۔