ٹینس اسٹار جوکووچ نے سابق حریف اینڈے مرے کو اپنا کوچ مقرر کردیا

جوکوچ اور اینڈی مرے 36 مرتبہ ایک دوسرے کے آمنے سامنے آئے اور 25 مرتبہ جوکووچ نے کامیابی حاصل کی


ویب ڈیسک November 24, 2024
جوکووچ نے کہا کہ اینڈے مرے 25 سال تک حریف رہے ہیں—فوٹو: رائٹرز

LONDON:

سربیا کے شہرہ آفاق ٹینس اسٹار نوواک جوکووچ نے آسٹریلین اوپن کی تیاری کے لیے اپنے سابق انگلش حریف اینڈے مرے کو کوچنگ اسٹاف میں شامل کرلیا۔

خبرایجنسی رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق 24 مرتبہ کے گرینڈ سلیم فاتح نوواک جوکوچ نے کہا کہ اینڈے مرے کوچنگ اسٹاف کا حصہ ہوں گے آسٹریلین اوپن میں ان کے کوچ ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے ایک دوسرے کے خلاف اس وقت سے کھیلا جب ہم کم عمر تھے اور 25 سال تک حریف رہے اور ایک دوسرے سے آگےنکلنے کی کوشش کرتے رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ہمارے درمیان چند ایک یادگار مقابلے بھی ہوئے ہیں، ہمیں گیم چینجر، رسک ٹیکرز اور تاریخ بنانے والے کہا گیا اور میرے خیال میں ہماری کہانی اب ایک نئے باب میں تبدیل ہوگئی ہے۔

سربیا کے اسٹار جوکووچ نے کہا کہ اب وقت آگیا ہے کہ میں اپنے ایک سخت حریف کو اپنے ساتھ ملا لوں اور کوچ کی حیثیت سے اینڈے مرے کو خوش آمدید کہوں گا۔

جوکووچ اور اینڈے مرے نے ایک دوسرے کے خلاف 36 دفعہ مقابلہ کیا جس میں سے 25 مرتبہ جوکووچ کامیاب رہے اور اپنی برتری مرے کی ریٹائرمنٹ تک برقرار رکھی۔

اینڈے مری رواں برس فرانس کے دارالحکومت پیرس میں منعقدہ اولمپکس میں شرکت کے بعد ریٹائر ہوگئے جہاں جوکووچ نے گولڈ میڈل حاصل کیا تھا۔

جوکووچ اپنے سابق کوچ گوران آئیوینیسوک کے 24 میں سے ساتھ 9 گرینڈ سلیم جیت چکے ہیں لیکن کروشیا کے مشہور کوچ نے ان سے رواں برس مارچ میں راہیں جدا کرلی تھیں۔

اینڈے مرے نے بیان میں کہا کہ وہ نوواک جوکووچ کی ٹیم میں شامل ہونے جارہے ہیں تاکہ آسٹریلین اوپن کی تیاری کے لیے ان کی مدد کروں اور اس کے لیے میں پرجوش ہوں۔

انہوں نے کہا کہ جوکووچ کا ساتھ دینے، تبدیلی اور ان کے ہدف کے حصول میں مدد کے لیے پرعزم ہوں۔

اینڈے مرے اپنے ٹینس کیریئر میں عالمی نمبر ایک رہنے کے ساتھ ساتھ 3 مرتبہ گرینڈ سلیم اور دو مرتبہ اولمپک گولڈ میڈلسٹ رہ چکے ہیں۔

نوواک جوکووچ رواں برس کوئی بڑا ٹورنامنٹ جیتنے میں کامیاب نہیں ہوئے اور عالمی درجہ بندی میں بھی ساتویں پوزیشن پر آگئے ہیں تاہم آسٹریلین اوپن میں کامیابی حاصل کرکے اپنا ریکارڈ بہتر کرنے کے خواہاں ہیں۔

سال کا پہلا گرینڈ سلیم آسٹریلین اوپن کا آغاز 12 جنوری کو ہوگا اور اگر جوکووچ اپنے عزائم میں کامیاب ہوئے تو ریکارڈ 11 ویں مرتبہ یہ اعزاز حاصل کریں گے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں