نوجوانوں کو بااختیار بنانا حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے، کوآرڈینیٹر یوتھ پروگرام

وزیر اعظم شہباز شریف کا واضح وژن ہے کہ نوجوانو ں کی شمولیت اور انہیں باختیار بنائے بغیر پائیدار ترقی نہیں ہوسکتی

وزیراعظم نے یوتھ ایڈوائزری کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت بھی کی تھی—فوٹو: فائل

کراچی:

وزیراعظم یوتھ پروگرام سندھ کے کوآرڈینیٹر نے کہا ہے کہ معیشت کے ساتھ ساتھ نوجوانوں کو بااختیار بنانا وزیر اعظم شہباز شریف کی اولین ترجیحات میں شامل ہے اور صوبے وتھ پروگرام کی لانچنگ ہوگی۔

وزیراعظم یوتھ پروگرام سندھ کے کوآرڈینیٹر فہد شفیق نے ایچ جے آر ای کے زیر اہتمام فنانشل لٹریسی ان ٹیچرز ایجوکیشن اور اقوام متحدہ کے سسٹین ایبل ڈیولپمنٹ گول 4 کے بارے میں ایک روزہ کانفرنس میں خطاب میں کے دوران کہا کہ وزیر اعظم شہباز شریف کا واضح وژن ہے کہ نوجوانو ں کی شمولیت اور انہیں باختیار بنائے بغیر ملک کو پائیدار ترقی نہیں دی جاسکتی۔

ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم شہباز شریف اسی لیے روز اول سے نوجوانوں کی بہتری کے لیے کوششوں میں مصروف ہیں اور وزیراعظم یوتھ پروگرام بہت سے اقدامات کے ذریعے نوجوانوں کی معاونت کر رہا ہے لیکن اس حوالے سے آگہی کا فقدان ہے بالخصوص سندھ میں نوجوانوں کی تعلیم کے لیے اقدامات کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم یوتھ پروگرام کے تحت تھنک ٹینک بنائے گئے ہیں، جن میں پیشہ ور ماہرین کے ساتھ سیاسی جماعتوں کے نمائندوں کو بھی شامل کیا گیا ہے جو سیاست سے بالاتر ہوکر نوجوانوں کی ترقی کے لیے اس پلیٹ فارم کے ذریعے اپنا کردار ادا کررہے ہیں۔

فہد شفیق نے کہا کہ وزیر اعظم یوتھ پروگرام اسکیم مدرسے کے طلبا کو بھی جدید علوم سے لیس کررہی ہے اور حال ہی میں آئی سی ایم اے کی معاونت سے مدرسے کے طلبا کو کمپیوٹر اور دیگر اسافٹ اسکلز کا کورس کرایا گیا ہے۔

فہد شفیق نے کہا کہ نوجوانوں کی بہتری کے لیے کوشاں تمام این جی اوز اور اداروں کو یوتھ پروگرام اسکیم کا پلیٹ فارم دعوت دیتا ہے کہ حکومت کے ساتھ مل کرکام کریں۔

Load Next Story