جی ایچ کیو حملہ کیس؛ عمران خان سمیت دیگر ملزمان پر فرد جرم پھر مؤخر

راستوں کی بندش کے باعث ملزمان کا آج پیش ہونا ممکن نہیں، وکلا کی درخواست پر سماعت ملتوی


ویب ڈیسک November 25, 2024
(فوٹو : فائل)

اسلام آ باد:

جی ایچ کیو حملہ کیس میں  عمران خان سمیت دیگر ملزمان پر فرد جرم پھر مؤخر ہوگئی۔

انسداد دہشت گردی عدالت راولپنڈی میں سانحہ 9 مئی کے جی ایچ کیو حملہ کیس کی سماعت اے ٹی سی جج امجد علی شاہ نے کی، جس میں پاکستان تحریک انصاف کے وکیل محمد فیصل ملک عدالت میں پیش ہوئے۔

وکیل کی جانب سے عدالت میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ راستوں کی بندش کی وجہ سے ملزمان کا عدالت میں پیش ہونا ممکن نہیں ہے۔

بعد ازاں عدالت نے جی ایچ کیو حملہ کیس میں فرد جرم کی کارروائی 28 نومبر تک مؤخر کردی۔ 9 مئی کے اس کیس میں فرد جرم کی کارروائی ملزمان کی عدم حاضری کے باعث ملتوی  کی گئی۔

اسلام آباد ، راولپنڈی سمیت پنجاب کے کئی شہروں میں پی ٹی آئی  احتجاج سے نمٹنے کے لیے راستوں کی بندش کی وجہ سے شاہ محمود قریشی کو بھی آج لاہور سے راولپنڈی عدالت میں پیش نہیں کیا جا سکا، اسی طرح شیخ رشید احمد و دیگر بھی عدالت میں پیش نہیں ہو سکے۔

واضح رہے کہ آج کی سماعت میں بانی پی ٹی آئی سمیت جی ایچ کیو حملہ کیس کے 120 ملزمان پر فرد جرم عائد ہونی تھی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں