متحدہ عرب امارات میں گمشدہ یہودی عالم کی لاش مل گئی؛ ایران کا ردعمل سامنے آگیا
متحدہ عرب امارات میں 3 دن سے لاپتا یہودی عالم زوی کوگن کی لاش مل گئی جسے اسرائیل نے ایک وحشیایہ یہود دشمن واقعہ قرار دیا ہے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق یہودی ربی کا تعلق آرتھوڈوکس یہودیت کی ایک نمایاں شاخ چباد لوباویچ تحریک سے تھا اور انھیں آخری بار جمعرات کو دبئی کے شاپنگ مال میں دیکھا گیا تھا۔
اتوار کی صبح اماراتی وزارتِ داخلہ نے یہودی ربی کو لاپتا اور رابطے سے باہر قرار دیا تھا۔ شُبہ ظاہر کیا جا رہا تھا کہ انھیں اغوا کیا گیا تھا۔
بعد ازاں متحدہ عرب امارات کے حکام نے گمشدہ یہودی ربی کی لاش ملنے کی تصدیق کی اور قتل کے شبے میں 3 افراد کو حراست میں لے لیا گیا تاہم اُن کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی۔
اسرائیلی وزیرِ اعظم نیتن یاہو نے کہا کہ یہودی ربی کے قتل کے ذمہ داروں کو منطقی انجام تک پہنچانے کے لیے ہر طرح کی کارروائی کریں گے۔
اسرائیلی میڈیا نے اس قتل کا ذمہ دار ایران کو ٹھہرایا تھا۔
ایران نے متحدہ عرب امارات میں یہودی عالم مذمت قتل میں ملوث ہونے کا الزام مسترد کرتے ہوئے کہا کہ اس قسم کی تمام خبریں جھوٹ پر مبنی ہیں۔
اسرائیلی میڈیا کے مطابق یہودی ربی زوی کوگن کے پاس یورپی ملک مالدووا کی شہریت بھی تھی اور اس نے مالدووا کے پاسپورٹ پر ہی دبئی کا سفر کیا تھا۔