لاہور:
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی مظاہرین کے پنجاب پولیس پر حملوں میں وہ اسلحہ استعمال ہوا جو صرف پولیس کے پاس ہوتا ہے جب کہ پنجاب پولیس غیر مسلح ہے۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے پنجاب پولیس افسروں اور اہل کاروں پر حملے اور پولیس کانسٹیبل پر فائرنگ پر شدید غم و غصے کا اظہار کیا ہے اور کہا ہے کہ ایس پی، ڈی ایس پی اور ایس ایچ او سمیت 20 سے زائد پولیس اہلکاروں کا حملوں میں زخمی ہونا افسوسناک ہے، مظاہرین کے پاس شارٹ مشین گن، آنسو گیس، چاقو، ماسک وغیرہ بھی دیکھے گئے۔
مریم نواز شریف نے کہا کہ مظاہرین کی جانب سے پنجاب پولیس حملوں میں ایسا اسلحہ استعمال ہوا جو صرف پولیس کے پاس ہوتا ہے، غازی بروتھا، میانوالی، ہزارہ موٹروے اور دیگر مقامات پر فائرنگ کی گئی، پنجاب پولیس کو پہلے بھی تصادم سے بچنے کے لئے غیر مسلح رکھا گیا تھا اور اب بھی غیر مسلح ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پچھلے احتجاج میں بھی ایک کانسٹیبل شہید ہوا تھا اور 25 سے زیادہ زخمی ہوئے تھے، ایک صوبے کی پولیس کا دوسرے صوبے پر سرکاری وسائل سے حملہ قومی یک جہتی کو پارہ پارہ کرنے کے مترادف ہے، یہ کون سا احتجاج ہے جہاں سرکاری وسائل استعمال کیا جارہے ہیں؟ احتجاج کے بجائے یہ تحریک مسلح دہشت گردی کی کاوش ہے۔