لاہور؛ پرانی دشمنی پر باپ اور بیٹوں کو قتل کرنے والے 3ملزمان گرفتار

مقتولین پیشی کے لیے سیشن کورٹ جا رہے تھے کہ سگیاں پل پر ملزمان نے فائرنگ کر دی تھی


سید مشرف شاہ November 25, 2024

لاہور:

ڈی آئی جی انویسٹی گیشن ذیشان اصغر کے نوٹس پر شاہدرہ انویسٹی گیشن پولیس نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے تہرے قتل کی واردات کو ٹریس کرتے ہوئے باپ اور 2بیٹوں کو قتل کرنے والے 3ملزمان گرفتار کر لیے۔

ایس ایس پی انویسٹی گیشن محمد نوید نے انچارج انویسٹی گیشن تھانہ شاہدرہ رانا عمر دراز کے ہمراہ پولیس ٹیم تشکیل دی تھی۔ پولیس ٹیم نے کارروائی کرتے ہوئے 3شہریوں کو فائرنگ کر کے قتل کرنے والے ملزمان کو گرفتار کیا۔ سنگین واردات کے مرکزی گرفتار ملزمان میں احسان، عثمان اور لیاقت شامل ہیں۔

ملزمان نے پرانی دشمنی کی رنجش پر محمد صفدر، محمد یاسر اور محمد ناصر کو فائرنگ کر کے قتل کر دیا تھا جبکہ ملزمان سنگین واردات کے بعد موقع سے فرار ہوگئے تھے۔ مقتولین پیشی کے لیے سیشن کورٹ جا رہے تھے کہ سگیاں پل پر ملزمان نے فائرنگ کر دی، ملزمان اور مقتولین آپس میں رشتہ دار ہیں اور ان کے درمیان پرانی دشمنی قتل کی وجہ بنی۔

ایس ایس پی انویسٹی گیشن لاہور محمد نوید کے مطابق ملزمان کو جدید ٹیکنالوجی سمیت ہیومین انٹیلی جنس کی مدد سے گرفتار کیا گیا، ملزمان سے آتشیں اسلحہ اور واردات میں استعمال ہونے والی موٹر سائیکل برآمد کر لی گئی ہے، ملزمان کے خلاف مضبوط چالان مرتب کر کے قرار واقعی سزا دلوائی جائے گی۔

ڈی آئی جی انویسٹی گیشن لاہور ذیشان اصغر نے ملزمان کی گرفتاری پر انچارج انویسٹی گیشن شاہدرہ رانا عمر دراز اور دیگر ٹیم کو شاباش دیتے ہوئے کہا کہ جرائم پیشہ عناصر کے خلاف انویسٹی گیشن پولیس کی کارروائیاں جاری رہیں گی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں