کرم تنازعہ؛ گورنر فیصل کریم کنڈی نے امداد کی فراہمی کے احکامات جاری کر دیے

امدادی کارکنوں کا کہنا ہے کہ روڈز کی بندش امدادی کاموں میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے

گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے ہلال احمر اور ضم شدہ اضلاع کی ٹیموں کو متاثرہ افراد کے لیے خیمے اور دیگر امدادی سامان فراہم کرنے کے احکامات جاری کر دیے۔

گورنر خیبرپختونخوا  کی ہدایات پر ہلال احمر خیبرپختونخوا اور ضم شدہ اضلاع کی ٹیمیں متحرک ہوگئیں، ہلال احمر ضم شدہ اضلاع کے چیئرمین کو مستحقین کو فوری خیمے پہنچانے کا حکم جاری کیا گیا۔

ہلال احمر ضم شدہ اضلاع کے چیئرمین عمران وزیر نے نقصانات اور ضروریات کی ابتدائی رپورٹ تیار کرلی جس کے مطابق بگن کے 250 خاندان اور علیزئی کے 175 خاندان نقل مکانی کر گئے ہیں، ہلال احمر خیبرپختونخوا کے چیئرمین ملک حبیب اورکزئی کی رپورٹ کے مطابق 915 آئی ڈی پیز کو گزشتہ دو روز میں کھانا اور پینے کا پانی فراہم کیا گیا، گورنر کی ہدایات پر ہلال احمر ضم شدہ اضلاع کا وفد متاثرین کے نمائندوں سے ملاقات کرے گا۔

دوسری جانب امدادی کارکنوں کا کہنا ہے کہ روڈز کی بندش امدادی کاموں میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے مزید امدادی سامان تیار ہے لیکن روڈز کی بندش کے خاتمہ کا انتظار کیا جارہا ہے۔

Load Next Story