کراچی:
کراچی چڑیا گھر سے مدھو بالا ہتھنی کی سفاری پارک منتقلی کیلیے انتظامات مکمل کرلیے گئے، مدھو بالا کو کل صبح سفاری پارک منتقل کیا جائے گا۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق کراچی چڑیا گھر سے مدھو بالا نامی ہتھنی کو کل صبح سفاری پارک منتقل کیا جائے گا، جانوروں کے تحفظ کی عالمی تنظیم ’ فور پاز‘ کے ماہرین کے زیرنگرانی مدھو بالا ہتھنی کو چڑیا گھر سے سفاری پارک منتقل کیا جائے گا۔
مدھو بالا ہتھنی کو خصوصی کنٹینر کے ذریعے سفاری پارک منتقل کیا جائے گا، فور پاز ٹیم کی جانب سے مدھو بالا ہتھنی کو خصوصی کنٹینر سے منتقل کرنے کیلیے خصوصی تربیت دی گئی ہے۔
سفاری پارک میں مدھو بالا کیلیے خصوصی کیچ اور سینچری بنائی گئی ہے، مدھوبالا سفاری پارک میں ملکہ اور سونیا نامی ہتھنیوں کے ہمراہ رہے گی۔
واضح رہے کہ فور پاز کے ماہرین نے مدھو بالا کیلیے چڑیا گھر کو غیرموزوں قرار دیا تھا، دو سال قبل بلڈ پیرا سائیڈ انفیکشن سے نور جہاں ہتھنی کے مرنے کے بعد مدھو بالا کی کراچی چڑیا گھر سے سفاری پارک منتقلی کا فیصلہ کیا گیا تھا۔