اسلام آباد:
بیلاروس کے صدر ایلیکزانڈر لوکاشینکو تین روزہ سرکاری دورے پر پاکستان پہنچ گئے۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف نے راولپنڈی کے پی اے ایف نور خان ائیر بیس پر بیلاروس کے صدر کا استقبال کیا۔
اس کے علاوہ نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وزیر داخلہ محسن نقوی، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ اور سینئر سرکاری حکام بھی معزز مہمان کے استقبال کیلئے موجود تھے۔
بیلاروس کے صدر وزیراعظم محمد شہباز شریف کی دعوت پر 25 سے 27 نومبر 2024 تک پاکستان کا دورہ کر رہے ہیں۔ بیلاروس کے صدر کے دورے کے دوران وزیر اعظم محمد شہباز شریف کی ملاقات جبکہ دونوں ممالک کے درمیان وفود کی سطح پر بھی بات چیت بھی ہوگی۔
دورے میں بیلاروس اور پاکستان کے مابین مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کیلئےمفاہمتی یادداشتوں پر دستخط ہونگے جبکہ بیلاروس کے وزیر خارجہ کی زیر قیادت 68 رکنی اعلیٰ سطحی وفد گزشتہ روز پاکستان پہنچا تھا۔
وفد میں بیلاروس کی کابینہ کے اہم وزرا سمیت معروف کاروباری شخصیات اور سرمایہ کار شامل ہیں۔ حکومتی ترجمان کے مطابق بیلا روس کے صدر کا دور دونوں ممالک کے درمیان مضبوط اور بڑھتی ہوئی شراکت داری کی عکاسی کرتا ہے۔